ملائشیا کے ایوان یون نے پاکستان کے طیب اسلم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3سے شکست دے کر ڈی اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ جیت لی

ہفتہ 24 نومبر 2018 23:25

ملائشیا کے ایوان یون نے پاکستان کے طیب اسلم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3سے شکست دے کر ڈی اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ جیت لی
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2018ء) سیڈ 3 ملائشیا کے ایوان یون نے سیڈ4 پاکستان کے طیب اسلم کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر ڈی اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ جیت لیا، سیڈ 3 مصر کی فریدہ محمد نے ایک گیم کی قربانی دے کر اپنی ہم وطن ان سیڈڈ کھلاڑی امینہ الریحانے کو پچھاڑ کر ویمنز ایونٹ جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام پی ایس اے کی منظور شدہ ساڑھے 23ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کی ڈی اے کپ انٹرنیشنل اسکواش چیمپئین شپ 2018 ء ہفتہ کو اختتام پزیر ہوگئی۔

ڈی اے کریک کلب کے اسکواش کمپلیکس پر 18 ہزار ڈالرز کی مالیت کے مینز ایونٹ کا فائنل سیڈ3 ملائشیا کے ایوان یون اور پاکستان کے سیڈ 4 طیب اسلم کے درمیان کھیلا گیا،54 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کے خلاف عمدہ تیکنیک اور بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے داد تحسین پائی۔

(جاری ہے)

فاتح کھلاڑی نے پہلی گیم 5-11 سے جیت کر اپنی سبقت قائم کی لیکن دوسرے گیم میں طیب اسلم 5-11 سے کامیابی پاکر مقابلہ1-1 سے برابر کر دیا۔

تیسرے گیم میں ملائشیا کے کھلاڑی نے کسی مزاحمت کے بغیر 3-11 سے فتح پاکر1-2 کی بتری پالی، چوتھے گیم میں زبردست مقابلہ دیکھنے میں آیا جو ایوان نے 13-15 سے جیت لیا۔ اس کے ساتھ وہ چیمپئین شپ کے فاتح بھی بن گئے، طیب اسلم نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ مصر کے کریم الفاطی کو اپ سیٹ شکست سے ہمکنار کیا تھا۔ دوسری جانب ویمنز ایونٹ میں چار اپ سیٹ کرنے والی مصری کھلاڑی امینہ ریحانے فائنل میں ناکامی کا شکار ہوگئیں، ساڑھے 5 ہزارڈالرز کی انعامی رقم کے ایونٹ کے سیمی فائنل میں سیڈ2 ملائشیا کی اوئی کا بان کو قابو کرنے والے سیڈ 3 مصر کی فریدہ محمد نے امینہ کو 19 منٹ کی تگو دو کے بعد 1-3 سے زیر کرکے وننگ ٹرافی پر قبضہ جمالیا، فریدہ نے فائنل میں 4-11،11-6،4-11 اور0-11 سے جیت کو گلے لگایا۔

پہلا انٹرنیشنل ایونٹ کھیلنے والی 16 برس کی امینہ نے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ پاکستان کی مدینہ ظفر کو ہرایاتھا۔ آخر میں انعامات تقسیم کئے گئے، سابق عالمی چیمپئین اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی جہانگیر خان نے ایک عشرہ کے بعد کراچی میں انٹرنیشنل ایونٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے ملک میں انٹرنیشنل اسکواش کی راہیں کھل گئیں، آخر میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
وقت اشاعت : 24/11/2018 - 23:25:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :