انگلینڈ کا سری لنکا کے خلاف مشن کلین سویپ مکمل

انگلش ٹیم نے میزبان ٹیم کو آخری ٹیسٹ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 42 رنز سے ہرا دیا، مینڈس کی 86 اور سلوا کی65 رنز کی اننگز بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں، معین علی اور لیچ کی 4، 4 وکٹیں، بیئرسٹو میچ اور بین فوکس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

پیر 26 نومبر 2018 16:53

کولمبو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2018ء) معین علی اور لیچ کی عمدہ بائولنگ کی بدولت انگلینڈ نے سری لنکا کو آخری ٹیسٹ میچ دلچسپ مقابلے کے بعد 42 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرلی ۔ سری لنکن ٹم میچ کے چوتھے روز 327 رنز ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگز میں 284 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ 82 رنز پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد کوسل مینڈس اور روشن سلوا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 102 رنز بناکر ٹیم کو جیت کی امید دلائی لیکن 184 کے مجموعی سکور پر مینڈس 86 رنز بناکر بدقسمتی سے رن آئوٹ ہوگئے۔

انکی وکٹ ہی بریک تھرو ثابت ہوئی سلوا اور پشپاکمارا کی زمہ دارانہ اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ معین علی اور لیچ نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار، چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

جونی بیئرسٹو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بین فوکس کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پیر کو کولمبو میں جاری تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز تیسرے روز میزبان ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 53 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو کوسل مینڈس 15 اور سانڈاکان ایک رن کے ساتھ ناٹ آئوٹ تھے۔

سانڈا کان سری لنکن ٹیم کے پانچویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو اپنے گزشتہ روز کے سکور میں 6 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 7 رنز بناکر لیچ کی گیند پر بین سٹوکس کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس موقع پر کوسل مینڈس کی اننگز کا بھی خاتمہ ہوگیا اور وہ بدقسمتی سے 86 رنز بناکر رن آئوٹ ہوگئے وہ سری لنکا کے چھٹے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے۔ ڈکویلا سری لنکا کے ساتویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بناکر لیچ کی گیند پر جیننگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

پریرا سری لنکن ٹیم کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 5 رنز بناکر معین علی کی گیند پر جیننگ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ روشن سلوا اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 65 رنز بناکر معین علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ سرنگا لکمل اور پشپاکمارا نے دسویں وکٹ پر قیمتی 58 رنز بنائے تاہم سرنگا لکمل 11 رنز بناکر لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔

پشپاکمارا 42 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ سری لنکن ٹیم 327 رنز ہدف کے تعاقب میں 284 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور یوں انگلینڈکی ٹیم نے میزبان سری لنکن ٹیم کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 42 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کلین سوئپ کرلی۔ انگلینڈ کی طرف سے دوسری اننگز میں عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے معین علی اور لیچ نے چار، چار جبکہ بین سٹوکس نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ بین فوکس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
وقت اشاعت : 26/11/2018 - 16:53:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :