پاکستان فٹبال فیڈریشن انتخابات ،فیصل حیات کو شکست دینے کیلئے عامرڈوگر اور ظاہر شاہ نے اتحاد کرلیا

دواہم گروپس ملک عامر ڈوگر اور سید ظاہر علی شاہ کے درمیان معاہدہ ،14 سال سے قابض فیصل صالح حیات کیخلاف الیکشن لڑنے کا فیصلہ

بدھ 28 نومبر 2018 14:38

پاکستان فٹبال فیڈریشن انتخابات ،فیصل حیات کو شکست دینے کیلئے عامرڈوگر اور ظاہر شاہ نے اتحاد کرلیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2018ء) پاکستان فٹبال فیڈریشن انتخابات میں فیصل حیات کو شکست دینے کیلئے عامرڈوگر اور ظاہر شاہ نے اتحاد کرلیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات میں نیا موڑ آگیا ،انتخابات میں حصہ لینے والے دواہم گروپس ملک عامر ڈوگر اور سید ظاہر علی شاہ نے آپس میں الائنس کر لیا، دونوں عہدیداروں کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا ہے جس میں دونوں دھڑوں نے ملکر 14 سال سے پی ایف ایف پر قابض فیصل صالح حیات کے خلاف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے معاملات ملک عامر ڈوگر ایم این اے اور سید ظاہر علی شاہ کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں طے پا گئے جس میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردارنوید حیدر خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق کر جلد ہی ایک اور میٹنگ کا اہتمام بھی کیا جائے گا جس میں الیکشن میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی ۔الیکشن میں اگر ایک گروپ کا صدر ہوگا تو دوسرے گروپ سے سینئر نائب صدر لیا جائے گا۔

پی ایف ایف کے حوالے سے تازہ ترین ملاقات کے بعد آئندہ ہونے والے انتخابات میں ڈیپارٹمنٹس کے 9ووٹ ،کے پی کے کے 3ووٹ،پنجاب کے 3ووٹ اور ممکنہ طور پر اسلام آباد، بلوچستان اور ریفری کمیشن کے ووٹ بھی اب ملک عامر ڈوگر کو جاتے نظر آرہے ہیں۔مزید معلوم ہوا ہے کہ پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر خان نے ایسوسی ایشن کے آٹھ ارکان کو شوکازنوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔نوٹس میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ ان ارکان کی غیر قانونی اور غیر آئینی میٹنگ تھی اور ان ارکان نے ریٹرننگ افسر پر جانبداری کا الزام لگا کر الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی۔ ہے، شوکاز نوٹس کی ایک کاپی سپریم کورٹ آف پاکستان کو بھی بھجوائی جائے گی۔
وقت اشاعت : 28/11/2018 - 14:38:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :