جنوبی افریقہ کیخلاف اہم سیریز کیلئے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کا امکان ،

محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے دورے کیلئے ٹیم کی تشکیل پر مشاورت کا آغاز کردیا، ٹیم کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے کیا جائیگا

ہفتہ 1 دسمبر 2018 13:24

جنوبی افریقہ کیخلاف اہم سیریز کیلئے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کا امکان ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2018ء) جنوبی افریقہ کے خلاف اہم سیریز کے لیے فاسٹ بولر محمد عامر کی واپسی کا امکان ہے جبکہ محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی۔پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے ٹیم کی تشکیل پر مشاورت کا آغاز کردیاہے، ٹیم کا باقاعدہ اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق محمد عامر کو بلال آصف کی جگہ اس اہم ٹور کے لیے موقع دینے پر غور کیا جارہا ہے،شان مسعود کو تیسرے اوپنر کی حیثیت سے ٹیم کا حصہ بنایا جارہاہے، ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم،حارث سہیل اور اظہر علی اپنی جگہ برقر ار رکھنے میں کامیاب رہیں گے۔

سعد علی، حسن علی، میرحمزہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، اسد شفیق اور یاسر شاہ بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہوسکتے ہیں۔محمد عباس کی شمولیت فٹنس سے مشروط ہوگی تاہم سلیکٹرز کو یقین ہے کہ محمد عباس فٹنس مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 3ٹیسٹ، 5ون ڈے اور 3ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی، پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے شیڈول ہے، اس سے پہلے 19دسمبر کو پریکٹس میچ رکھا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 01/12/2018 - 13:24:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :