روایتی اور ثقافتی کھیل کبڈی کی ترقی کیلئے وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ مل کر پالسی بنائیں گے، کبڈی کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،کبڈی میں انٹرنیشنل سطح پرپاکستان کی شناخت بنائیں گے

صوبائی وزیر قانون و پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر محمد بشارت راجہ کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 1 دسمبر 2018 15:32

روایتی اور ثقافتی کھیل کبڈی کی ترقی کیلئے وزیر اعلی پنجاب کے ساتھ مل کر پالسی بنائیں گے، کبڈی کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،کبڈی میں انٹرنیشنل سطح پرپاکستان کی شناخت بنائیں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر قانون و پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ کبڈی کی ترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، کبڈی میں انٹرنیشنل سطح پر پاکستان کی شناخت بنائیں گے۔ وہ پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا، پاکستان نیوی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس کیپٹن ناصر، پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے نومنتخب جنرل سیکرٹری طاہر وحید جٹ بھی موجود تھے۔

پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے اجلاس میں پنجاب سپورٹس بورڈ کے نمائندے ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی حاجی وحید بابر کے علاوہ پنجاب سے ضلعی نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلا س میں پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری چوہدری محمد اعجاز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون و پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر محمد بشارت راجہ اور پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد سرور رانا نے مرحوم چوہدری اعجاز کی کبڈی کے لئے کاوشوں کو سراہا اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ مرحوم کی خدمات کو ہمیشہ کے لئے یاد رکھا جائے گا۔ قومی کبڈی چیمپیئن شپ فیصل آباد میں ہوگی، جس میں ملک بھر سے ٹیموں کے علاوہ ایران اور بھارت کی ٹیمیں شرکت کریں گی، راجہ بشارت نے صوبے میں کبڈی کی ترقی کے لئے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، پنجاب کبڈی چیمپئن شپ، انٹر ڈویڑن کبڈی چیمپئن شپ ساہی وال میں منعقد ہوگی، جس میں نو ڈویڑن کی ٹیمیں حصہ لیں گی، اس کے علاوہ پھوٹھار کبڈی کپ اور انٹر ڈسٹرکٹ کبڈی چیمپئن شپ کروانے کا بھی اعلان کیا گیا اور ان تمام ٹورنامنٹس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔

اجلاس میں قومی ٹیم کے کوچ اور قومی ٹیم کے سابق کپتان طاہر وحید جٹ کو پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کے متفقہ طور پر جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔ راجہ بشارت نے امید ظاہر کی کہ طاہر وحید جٹ پنجاب کبڈی ایسوسی ایشن کو فعال بنانے میں اہم کردار ادا کریں کیونکہ وہ خود کبڈی کھیلتے اور قومی کوچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فنڈز کے لئے حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سپانسر کو آگے لائیں گے، بھارتی ٹیم کی شرکت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں راجہ بشارت نے کہاکہ ہمیں کھیل کے میدان میں اختلافات ختم کرنے چاہئے اور کھیلوں کے ذریعے ہی ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات قائم کئے جاسکتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں راجہ بشارت نے کہاکہ روایتی اور ثقافتی کھیل کبڈی کی ترقی کے لئے پنجاب کے وزیر اعلی کے ساتھ مل کر ایک پالسی بنائیں گے اور اس پرمیرٹ کی بنیاد پر کام کیا جائیگا اور کبڈی پاکستان کی شناخت بنائیں گے۔

وقت اشاعت : 01/12/2018 - 15:32:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :