واپڈا نے قومی ویمن ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا

پیر 3 دسمبر 2018 18:17

واپڈا نے قومی ویمن ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا
لاہور ۔3 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2018ء) دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا نے پنجاب کلرز کو فائنل میں 4-0 سے شکست دیکر قومی ویمن ہاکی چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیت لیا، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے ایچ ای سی کو 3-2سے ہرا دیا، نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہونے والے فائنل میچ کے شروع میں پنجاب کی ٹیم کو گول کرنے کے چند چانس ملے لیکن وہ موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکی، واپڈا کی طرف سے پہلا گول پنلٹی کارنر پر عشرت عباس نے کیا جبکہ بعد میں دونوں ٹیموں نے پہلے کوارٹر میں ایک ایک پنلٹی کارنر ضائع کیا ، دوسرے کوارٹر میں پاکستان واپڈا کی ٹیم کھیل پر چھائی رہی، واپڈا کی طرف سے دوسرا گول ثنااللہ دتہ نے کیا ، پنجاب کی ٹیم کو اس کے بعد دو پنلٹی کارنر ملے لیکن وہ اس سے کوئی فائدہ نہ اٹھا سکی اور تیسرے کوارٹر میں ثناء اللہ دتہ نے دو گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی ، پنجاب کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن میچ کے اختتام پر واپڈا کی ٹیم 4-0سے جیت گئی ، پنجاب کی ٹیم کی تمام کھلاڑی رخسانہ ارشد ویمن اکیڈمی سے تعلق رکھتی ہیں ، تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان آرمی نے ایچ ای سی کو 3-2سے ہرا دیا ، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل عرفان احمد ( آفیسر کمانڈنگ سینٹرل ایئر کمانڈ ) تھے جنھوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ، پلیئر آف ٹورنامنٹ کا اعزاز واپڈا کی حمیرہ لطیف کو ملا، پنجاب کی طاہر ہ اسلام ٹورنامنٹ کی بہترین گول کیپر قرار پائیں ، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم واپڈا کو 50ہزار روپے اور رنر اپ ٹیم کو 25000 نقد انعام ملا، مہمان خصوصی نے فاتح ٹیم کیلئے 50ہزار ،رنر اپ پنجاب کی ٹیم اور پاک آرمی کی ٹیم کیلئے 25000روپے انعام کا اعلان کیا جبکہ پنجاب سپورٹس بورڈ کے ڈی جی نے بھی جیتنے والے اور رنر اپ ٹیم کیلئے کیش انعام کا اعلان کیا ۔

وقت اشاعت : 03/12/2018 - 18:17:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :