سرینا ہوٹلز آئی ٹی ایف ٹینس ٹورنامنٹ، محمد عابد، لورینزی، مائیکل وزنیاک، چیونگ فوئی اور ایلکسز کینٹر مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

پیر 3 دسمبر 2018 22:49

سرینا ہوٹلز آئی ٹی ایف ٹینس ٹورنامنٹ، محمد عابد، لورینزی، مائیکل وزنیاک، چیونگ فوئی اور ایلکسز کینٹر مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2018ء) سرینا ہوٹلز آئی ٹی ایف پرو سرکٹ فیوچرز ٹینس ٹورنامنٹ میں محمد عابد، لورینزی، مائیکل وزنیاک، چیونگ فوئی اور ایلکسز کینٹر فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ پیر کو پی ٹی ایف ٹینس کمپلیکس اسلام آباد میں جاری چمپئن شپ میں کھیلے گئے لاسٹ 32 رائونڈ میچز میں پاکستانی کھلاڑی محمد عابد نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اورحریف سنگاپورین کھلاڑی ہائو یان کو 6-7، 6-2 اور 6-2 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، اٹالین کھلاڑی لورینزو بوچی نے پاکستان کے ہیرا عاشق کو 7-6 اور 7-5 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، جنوبی کورین کھلاڑی چیونگ فوئی نے روسی کھلاڑی دیمتری کو سٹریٹ سیٹس میں زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا، برطانوی کھلاڑی ایلکسز نے جنوبی کورین کھلاڑی چیونگ کم کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

وزنیاک نے پاکستان کے خلیل یوسف کو زیر کر کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔ دوسری جانب مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنلز میں پاکستان کے محمد عابد اور ان کے کینیڈین جوڑی دار محمد ویگاس ملک نے پاکستان کے محمد عابد علی خان اور ان کے برطانوی جوڑی دار شامائل کو زبردست مقابلے کے بعد زیر کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پاکستان کے مزمل مرتضیٰ اور ان کے سوئس جوڑی دار کائیوون کو الیگزینڈر اور ویلادیمیر پر مشتمل روسی جوڑی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ڈارکو اور شونگ نے احمد چوہدری اور شہزاد خان پر مشتمل پاکستانی جوڑی کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔ موسی چوہدری اور ملک عبدالرحمان پر مشتمل پاکستانی جوڑی بھی پہلی آزمائش میں سرخرو رہی، عبدالحیدر اور برکت خان پر مشتمل پاکستانی جوڑی ابتدائی رائونڈ میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔
وقت اشاعت : 03/12/2018 - 22:49:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :