فواد چوہدری بھی یاسر شاہ کو ریکارڈ توڑتا دیکھنے کے منتظر

سو سال پرانا ریکارڈ ٹوٹے تو کیا ہی بات ہے:وفاقی وزیر اطلاعات

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 4 دسمبر 2018 13:53

فواد چوہدری بھی یاسر شاہ کو ریکارڈ توڑتا دیکھنے کے منتظر
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 دسمبر2018ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین جاری ٹیسٹ سیریز میں لیگ سپنر یاسر شاہ کی تباہ کن باﺅلنگ کے آگے کیوی بلے باز بالکل بے بس نظر آرہے ہیں اور اپنی عمدہ باﺅلنگ کی بدولت یاسر شاہ نے کیویز کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں موجودہ وزیر اعظم عمران خان کا 36سالہ ریکارڈ بھی برابر کیا ہے ۔یاسر شاہ اب کم ترین میچز میں دو سو ٹیسٹ شکار مکمل کرنے کے بالکل قریب ہیں ، دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں یاسر شاہ کی کارکردگی کو سراہتے ہو ئے ٹوئٹ تو کیا مگر وفاقی وزیر اطلاعات کرکٹ کی تاریخ سے ناواقف ہیں، انہوں نے جس ریکارڈ کے حوالے سے ٹویٹ کیا وہ82سال پرانا ہے جب کہ انہوں نے 100 سالہ لکھا،انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ” ویسے تو تمام ریکارڈ ہی اہم ہوتے ہیں مگر 100سالہ ریکارڈ ٹوٹے تو کیا ہی بات ہے ، پوری قوم یاسر شاہ کے ریکارڈ کا انتظار کر رہی ہے“۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ یاسر شاہ کم میچز میں 200 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باﺅلر بننے سے صرف 2 وکٹیں دوری پر ہیں، 32سالہ یاسر شاہ اب تک 33 ٹیسٹ میچز میں 198 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں 200 وکٹوں کا ہندسہ پورا کرنے میں 2 وکٹیں درکار ہیں، اس سے قبل آسٹریلوی لیگ سپنر کلیری گرمٹ نے 1936ءمیں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ دوسرے نمبر پر بھارت کے آف سپنر روی چندرن ایشون ہیں جنہوں نے 37 میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔لیجنڈری قومی فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے38میچز میں 200شکار مکمل کیے تھے۔یاسر شاہ متحدہ عرب امارات میں بھی100ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے باﺅلر بنے ہیں جب کہ یواے ای میں ٹیسٹ میچ میں بہترین باﺅلنگ کا ریکارڈ بھی ان کے نا م ہے۔
وقت اشاعت : 04/12/2018 - 13:53:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :