ابوظہبی ٹیسٹ:اظہر علی ،اسد شفیق نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی

حفیظ ، امام الحق پھر ناکام،اظہر علی کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 4 دسمبر 2018 18:09

ابوظہبی ٹیسٹ:اظہر علی ،اسد شفیق نے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 دسمبر2018ء) 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ کے 274رنز کے جواب میں پاکستان نے دن کے اختتام پر 3وکٹوں کے نقصان پر 139رنز سکور کرلیے ہیں ۔ٹیسٹ کے دوسرے روز کیویز نے 7وکٹوں کے نقصان پر 229رنز کے ساتھ اننگز دوبارہ شروع کی اور سمر وائل اور واٹلنگ نے 8ویں وکٹ کےلئے45رنز کا اضافہ کیا جس کے بعد سمر وائل12رنز بناکر بلال آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اعجاز پٹیل کو6رنز پر بلال آصف نے اپنا چوتھا شکار بنایا اور پھر ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ لیکر کیریئر میںدوسری بار اننگز میں 5وکٹیں مکمل کیں ۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا ،دونوں پاکستان اوپنرز ایک بار پھر بڑ ی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور حفیظ صفر کی خفت سے دوچار ہوکر بولٹ کا پہلا شکار بنے جب کہ امام الحق 9رنز بنا کر بولٹ کی دوسری وکٹ بنے ۔

(جاری ہے)

اظہر علی اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ کے لیے 68رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا تاہم حارث سہیل 34رنز بنا کر ٹم ساﺅتھی کا پہلا شکار بن گئے ،اظہر علی اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کیلئے54رنز کی شراکت داری قائم کی اور کھیل کے اختتام تک ٹیم کا سکور139رنز تک پہنچایا،اظہرعلی62اور اسد شفیق26کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ۔

اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روزشیخ زید کرکٹ سٹیڈیم ،ابو ظہبی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مہمان ٹیم کی جانب سے ٹام لیتھم اور جیت راول نے اننگز کا آغاز کیا، ٹیسٹ ڈیبیو کرنےوالے شاہین شاہ آفریدی نے ابتدا میں ہی ٹام لیتھم کو پویلین بھیج کر پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی، لیتھم 4 رنز ہی بناسکے۔

دبئی ٹیسٹ کے ہیرو یاسر شاہ تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے پہلے روز ہی اپنی بھرپور باﺅلنگ فارم میں دکھائی دیئے اور کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کے 3 بلے بازوں کو پویلین بھیج کر مہمان ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔لیگ سپنر نے جیت راول کو 45کے انفرادی سکور پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کیا ،روس ٹیلر بدقسمتی سے ایک ہی گیند کے مہمان رہے اور یاسر کی نیچی رہنے والی گیند پر بولڈ ہوگئے،انہیں کھاتہ کھولنے کا بھی موقع نہ ملا ، ہنری نکولس ایک رن بنا کر یاسر کو سویپ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوگئے ، کپتان کین ولیمسن اوروکٹ کیپر بلے باز بی جے واٹلنگ نے پانچویں وکٹ کےلئے 104رنز کا اضافہ کیا اور کین ولیمسن نے اس دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 28ویں نصف سنچری بھی مکمل کی جسکے بعد ولیمسن89رنز سکور کرنے کے بعد حسن علی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوئے ، کولن ڈی گرینڈ ہوم نے واٹلنگ کےساتھ ملکر سکور میں27رنز کا اضافہ کیا جسکے بعد گرینڈ ہوم20رنز بنا کر بلال آصف کا شکار بن گئے ۔

سیریز میں اپنے پہلا میچ کھیلنے والے ٹم ساﺅتھی بھی2رنز بنا کر بلال کی گیند پر بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے، واٹلنگ اور سمر وائل نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی اور ٹیم کا سکور229رنز تک پہنچا دیا ۔واٹلنگ42اور سمر وائل 12رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ، پاکستان کیلئے یاسر شاہ نے 3، بلال آصف نے 2اور شاہین آفریدی او ر حسن علی نے 1،1وکٹ لی ۔

پاکستان نے محمد عباس کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نیل ویگنز کی جگہ ٹم ساﺅتھی اور اش سوڈھی کی جگہ 34 سالہ آف سپنر ویل سمروائیل کو شامل کیا گیا ۔واضح رہے کہ3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ابتک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے ہرایا تھا۔
وقت اشاعت : 04/12/2018 - 18:09:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :