عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، سپین کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، ارجنٹائن اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی

بدھ 5 دسمبر 2018 13:29

عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل دو میچوں کا فیصلہ ہوگا، سپین کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا، ارجنٹائن اور فرانس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی
بھوبنشوار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2018ء) 14 ویں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل جمعرات کو پول اے کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق چودہواں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ بھارتی ریاست اڑسیہ کے دارالحکومت بھوبنشوار میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور شائقین ہاکی کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ میں (آج) جمعرات کو پول اے کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ سپین اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دوسرا میچ پول اے کی ٹاپ ٹیم ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ارجنٹائن کی ٹیم اپنے پول کے دونوں میچز جیت کر سب سے زیادہ 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ فرانس کی ٹیم اب تک کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

میگا ایونٹ 19 روز تک جاری رہنے کے بعد 16 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کرینگی جن کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کیلئے کوشاں ہے اور اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر تین پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 12 دسمبر سے شروع ہوگا، کوارٹر فائنل مرحلے کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل کوالیفائی کرینگی۔ عالمی کپ کے دونوں سیمی فائنلز 15 دسمبر کو کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل اور تیسری پوزیشن کے لئے میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 05/12/2018 - 13:29:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :