کم اننگز میں15ٹیسٹ سنچریاں،اظہر علی نے جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑ دیا

سابق کپتان نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں134رنز بنا ئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 5 دسمبر 2018 19:00

کم اننگز میں15ٹیسٹ سنچریاں،اظہر علی نے جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑ دیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2018ء) قومی ٹیم کے سینئر ترین ٹیسٹ بلے باز اظہر علی نے کم اننگز میں 15ٹیسٹ سنچریاں مکمل کرنے کی دوڑ میں سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین جاوید میانداد کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ 33سالہ اظہر علی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے دوران اپنی132ویں اننگز میں 15ویں سنچری بھی مکمل کی ،اظہر علی اب تک 70ٹیسٹ میچز میں45.20کی اوسط سے5605رنز سکور کرچکے ہیں جن میں15سنچریاں اور31نصف سنچریاں شامل ہیں ، قومی ٹیم کے عظیم بلے باز جاوید میانداد نے اگست1987ءمیں اپنے 86ویں ٹیسٹ کی133ویں اننگز میں اپنی 15ویں سنچری سکور کی تھی ۔

یاد رہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنا لیے جب کہ اسے پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 48 رنز درکار ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل نیوزی لینڈ کے 274 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم 348 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی تھی جس کے بعد قومی ٹیم کو کیویز پر 74 رنز کی برتری حاصل تھی، پاکستان کی جانب سے اظہرعلی نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور دن کے آغاز میں ہی سنچری مکمل کی جب کہ کھانے کے وقفے سے قبل اسد شفیق نے نصف سنچری سکور کرکے نیوزی لینڈ کے 274 رنز کی سبقت کو ختم کیا۔

اظہر علی اور اسد شفیق نے انتہائی زمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور قومی ٹیم کو مشکل صورتحال سے باہر نکالا، اظہر علی نے 134 رنز کی اننگز کھیلی اور آﺅٹ ہوگئے جب کہ اسد شفیق نے بھی سنچری سکور کی، انہوں نے 104 رنز بنائے اور پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اظہر علی اور اسد شفیق کے آﺅٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ذیادہ دیر تک وکٹ پر کھڑا نہ رہ سکا، کپتان سرفراز احمد نے 25، بابر اعظم 14 اور بلال آصف صرف 11 رنز ہی بناسکے اور آﺅٹ ہوگئے۔

کیوی ٹیم نے 74 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز کا آغاز کیا تو نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اوپنر روال کو صفر پر پویلین بھیج دیا جبکہ 24 کے مجموعے پر لیتھم 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز بنا لیے تھے، کیوی ٹیم کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 48 رنز درکار ہیں۔گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم 274 رنز ہی بناسکی تھی۔
وقت اشاعت : 05/12/2018 - 19:00:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :