یاسر شاہ کی تیز ترین 200وکٹیں، 82سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے سنگِ میل عبور کیا آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ نے 82سال قبل 1936ء میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:59

یاسر شاہ کی تیز ترین 200وکٹیں، 82سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) پاکستان کے مایہ ناز لیگ اسپینر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ماضی کے تمام ریکارڈ پاش پاش کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر تاریخ رقم کردی اور تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔

ان سے قبل آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ نے 82سال قبل 1936ء میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔کلیری گریمیٹ نے اپنے 36ویں میچ میں 2سو وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا تھا جبکہ یاسر شاہ نے 3میچ قبل ہی اپنے 33ویں میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں روی چندر ایشون تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے یہ کارمانہ 37ویں میچ میں انجام دیا تھا۔

پاکستان کے وقار یونس اور آسٹریلیا کے ڈیننس للی اس فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 38،38میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کرلی تھیں۔وقت کے اعتبار سے بات کی جائے تو یاسر شاہ تیز ترین 200وکٹیں لینے والے دوسرے بالر ہوں گے کیونکہ انہوں نے یہ سنگِ میل 4 سال اور 42دن میں عبور کیا ہے جبکہ انگلینڈ کے عظیم آل رائونڈر سر این بوتھم نے 4سال 30دن میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 200وکٹیں مکمل کرلی تھیں۔

یاد رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100وکٹوں لینے والوں میں یاسر شاہ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جہاں انہوں نے 17ٹیسٹ میچوں میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔تیز ترین 100وکٹیں لینے کا عالمی ریکارڈ انگلیش کے جیارج لومین کے پاس ہے جنہوں نے 1896میں 16ٹیسٹ میچوں میں 100وکٹیں مکمل کی تھیں۔یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 14وکٹیں لے سابق کپتان اور موجود وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا 36سال پرانا قومی ریکارڈ برابر کردیا جنہوں نے 1982ی میں سری لنکا کے خلاف میچ میں 116رنز کے عوض 14وکٹیں لی تھیں۔
وقت اشاعت : 06/12/2018 - 17:59:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :