ابوظہبی ٹیسٹ:کین ولیمسن نے میچ پاکستان کی پہنچ سے باہر کردیا

کیوی کپتان کی 19ویں ٹیسٹ سنچری ،نکولس کی ففٹی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 6 دسمبر 2018 18:18

ابوظہبی ٹیسٹ:کین ولیمسن نے میچ پاکستان کی پہنچ سے باہر کردیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2018ء) 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں کھل کے اختتام پر 4وکٹوں کے نقصان پر 272رنز سکور کرلیے ہیں ۔ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے 26رنز2وکٹوں کے نقصان پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تو نائٹ واچ میں ولیم سمر وائل4رنز سکور کرنے کے بعد لیگ سپنر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے جس کے ساتھ ہی یاسر شاہ ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200وکٹیں مکمل کرنےوالے باﺅلر بھی بن گئے ، روس ٹیلر نے پاکستانی باﺅلرز کےخلاف جارحانہ انداز اپنا یا جو زیادہ دیر نہ چل سکا اوروہ 22رنز سکورکرنے کے بعد شاہین آفریدی کے ایک باﺅنسر پر پل شاٹ کھیلتے ہوئے بلا ل آصف کے ہاتھوں جکڑے گئے، ہنری نکولس اور کین ولیمسن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5ویں وکٹ کے لیے 212رنزکی شراکت داری قائم کرکے میچ پر کیویز کی گرفت مضبوط کردی ۔

(جاری ہے)

ولیمسن 139اور نکولس 90رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں ۔ اس سے قبل ٹیسٹ کے تیسرے روز گرین شرٹس نے 139رنز3وکٹوں کے نقصان پر اننگزدوبارہ شروع کی اور اظہر علی اور اسد شفیق نے ٹیم کا سکور تیز رفتاری سے آگے بڑھانا شروع کیا ، اس دوران اظہر علی نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 15ویں سنچری مکمل کی جبکہ اسد شفیق نے اپنی22ویں ٹیسٹ نصف سنچری کا سنگ میل عبور کیا ، دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کےلئے 201رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی جسکے بعد اظہر علی134رنز بنا سمر وائل کی پہلی ٹیسٹ وکٹ بنے ، اسد شفیق نے اپنی 12ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی جس کے بعد وہ104رنز کی باری کھیلنے کے بعد اعجاز پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ قرار پائے ،بلال آصف ایک بار پھر ذمہ درانہ بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے اور11رن بنا کر آﺅٹ ہوگئے ، یاسر شاہ1رن بنا کر رن آﺅٹ ہوگئے ،حسن علی بغیر کوئی رن بنائے سمر وائیل کا شکار بن گئے ،پاکستان کے آخری آﺅٹ ہونیوالے کھلاڑی سرفراز احمد تھے جو25رنز بنا سمر وائل کا شکار بنے ، کیویزکےلئے سمر وائل نے 4، اعجاز پٹیل اور بولٹ نے دو ، دو اور ساﺅتھی نے 1وکٹ لی ۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیت راول اور ٹام لیتھم نے اننگز کا آغاز کیا ،جیت راول بغیر کوئی رن بنائے شاہین آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آﺅٹ ہوگئے،ٹام لیتھم کو10رنز پر یاسر شاہ نے اپنا شکار بنایا تاہم ولیمسن اور سمر وائل نے دن کے اختتام پر کیویز کی کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی،نیوزی لینڈ کو اب بھی میچ میں48رنز کا خسارہ ہے اور اسکی 8وکٹیں باقی ہیں۔

پاکستان نے محمد عباس کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، نیل ویگنز کی جگہ ٹم ساﺅتھی اور اش سوڈھی کی جگہ 34 سالہ آف سپنر ویل سمروائیل کو شامل کیا گیا ۔واضح رہے کہ3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ابتک 1-1 سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4رنز سے شکست دی تھی جبکہ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ کو ایک اننگز اور 16 رنز سے ہرایا تھا۔ 
وقت اشاعت : 06/12/2018 - 18:18:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :