فیصلہ کن ٹیسٹ، کین ولیمسن اور ہنری نیکولز کی شاندار پارٹنرشپ، کیویز نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 198 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی،

کین ولیمسن اور ہنری نیکولز نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 212 قیمتی رنز بنائے، کین ولیمسن 139 اور ہنری نیکولز 90 رنز بناکر وکٹ پر موجود، یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لیکر 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کردی

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:15

فیصلہ کن ٹیسٹ، کین ولیمسن اور ہنری نیکولز کی شاندار پارٹنرشپ، کیویز نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 198 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی،
ابوظہبی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) کیویز کپتان کین ولیمسن اور ہنری نیکولز کی شاندار بلے بازی کی بدولت نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں اپنی دوسری اننگز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بناکر 198 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ کین ولیمسن اور ہنری نیکولز اپنی ٹیم کو اس وقت سنبھالہ دیا جب اس کے پہلے چار کھلاڑی 60 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے تھے، دونوں کھلاڑی پاکستانی بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور انتہائی محتاط انداز میں بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 212 قیمتی رنز بناکر مجموعی سکور 272 رنز تک پہنچاکر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنا دیا۔

کین ولیمسن 139 اور ہنری نیکولز 90 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لیکر 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کردی۔ میچ کا چوتھا روز بلے بازوں کے نام رہا پاکستان کی طرف سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جمعرات کو آخری اور فیصلہ کن کرکٹ ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کیویز ٹیم نے اپنی دوسری ادھوری اننگز 26 رنز 2 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو ولیمسن 14 اور سومر ویلی ایک رن کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

سومر ویلی اپنے گزشتہ روز کے سکور میں 3 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد 4 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آئوٹ ہوگئے۔ روز ٹیلر کیویز ٹیم کے چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 22 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر بلال آصف کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد کپتان کین ولیمسن اور ہنری نیکولز نے محتاط اور ذمہ دارانہ انداز میں ٹیم کے مجموعی سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا، دونوں کھلاڑی پاکستانی بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے اور شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔

کپتان کین ولیمسن نے ہنری نیکولز کے ساتھ ملکر پانچویں وکٹ کی شراکت میں 212 قیمتی رنز بنائے، اس دوران کپتان کین ولیمسن نے اپنی سنچری اور ہنری نیکولز نے نصف سنچری مکمل کی اور پاکستان کے خلاف میچ میں اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنادی۔میچ کے چوتھے روز جب کھیل ختم ہوا تو کیویز نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 272 رنز بناکر پاکستان کے خلاف 198 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی تھی۔
وقت اشاعت : 06/12/2018 - 22:15:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :