یاسر شاہ نے وقار یونس کا28سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا

لیگ سپنر مشترکہ طور پر کیویز کیخلاف سیریز میں زیادہ وکٹیں لینے والے باﺅلر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 دسمبر 2018 12:48

یاسر شاہ نے وقار یونس کا28سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا
ابو ظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر2018ء) قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وقار یونس کا28سال پرانا ریکارڈ برابر کردیا ہے۔32سالہ یاسر شاہ نے کیویز کےخلاف متحدہ عرب امارت میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز میں شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض19.03کی اوسط سے29کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا جس کے ساتھ ہی انہوں نے 3ٹیسٹ میچز کی سیریزمیں نیوزی لینڈ کے خلاف مجموعی طور پر زیادہ شکار کرنے کا وقار یونس کا ریکارڈ بھی برابر کردیا ، وقار یونس نے1990ءمیں کیویز کےخلاف ٹیسٹ سیریز میں محض 10.86کی اوسط سے29وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں زیادہ وکٹیں اپنے نام کرنے کا قومی ریکارڈ گگلی ماسٹر عبدالقادر کے پاس ہے جنہوں نے1987ءمیں انگلینڈ کےخلاف 14.57کی اوسط سے30وکٹیں حاصل کی تھیں ، وقار یونس نے1993ءمیں زمبابوے کےخلاف 13.81کی اوسط سے27وکٹیں اپنے نام کیں تھیں،لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم نے1994ءمیں نیوز ی لینڈ کےخلاف17.24کی اوسط سے25وکٹیں اپنے نام کی تھیں ، لیگ سپنر یاسر شاہ نے 2017ءمیں ویسٹ انڈیز کےخلاف21.96کی اوسط سے25کھلاڑیوں کو پوویلین واپس بھیجا تھا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کےخلاف تیسرے ٹیسٹ میں نائٹ واچ مین سمر وائل کو ایل بی ڈبلیو آﺅٹ کرنے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں کم ترین میچز میں 200شکار کرنےکا اعزاز اپنے نام کیا ۔ یاسر شاہ نے اپنے 33ویں ٹیسٹ میں وکٹوں کی تعداد200کرلی ،لیگ سپنر اب تک کیریئر میں3مرتبہ میچ میں 10وکٹیںا ور اننگز میں16مرتبہ5یا اس سے زیادہ شکار کرچکے ہیں ۔یاسر ابتک 3 مین آف دی میچز جبکہ 4 مین آف دی سیریز کا ایوارڈ بھی حاصل کر چکے ہیں۔

پاکستان کے بہترین لیگ سپنر سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ کے پاس تھا جنہوں نے1936ءمیں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کر کے یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔یاد رہے کہ اب تک پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ جب کہ دوسرے نمبر پر بھارت کے آف سپنر روی چندرن ایشون تھے جنہوں نے 37 میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔لیجنڈری قومی فاسٹ باﺅلر وقار یونس نے38میچز میں 200شکار مکمل کیے تھے۔

یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 ءکو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 4 سال42دن کے کیریئر میں انہوں نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا،سابق کینگرو کپتان سٹیو سمتھ ان کے پہلے ٹیسٹ شکار تھے ۔یاسر شاہ 200ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنےوالے 7ویں پاکستانی باﺅلر ہیں ،ان سے قبل وسیم اکرم، وقار یونس ، عمران خان ، عبدالقادر، دانش کنیریااور ثقلین مشتاق نے یہ سنگ میل عبو ر کررکھا ہے ، وہ 200ٹیسٹ شکار کرنے والے دنیا کے 9ویں لیگ سپنر بھی بن گئے ہیں ۔
وقت اشاعت : 07/12/2018 - 12:48:27

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :