تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2018 کا روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں آغاز

جمعہ 7 دسمبر 2018 16:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2018ء) تیرہویں چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ 2018 کی افتتاحی تقریب آج روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقد کی گئی۔ کے پی ٹی کے جنرل مینیجر انجینئرنگ ، ریئر ایڈمرل ساجد وزیر خان نے بطور مہمان خصوصی اس تقریب میں شرکت کی۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کموڈور حبیب الرحمن نے تقریب سے خطاب میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ الوداعی طرز پر کھیلی جائے گی اور ٹاپ 8 کھلاڑیوں کو دوسرے رانڈ میں کھیلنے کا موقع دیا جائے گا ۔

چیمپئن شپ کا پہلا رانڈ آج شروع ہو چکا ہے جبکہ چیمپئن شپ 10 دسمبر کواختتام پذیرہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ 24 کھلاڑی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے ر ہے ہیں جن میں سے نصف کا تعلق پاکستان سے جبکہ نصف بین الاقوامی کھلاڑی ہیں جن کا تعلق مصر، ایران، ہانگ کانگ، آئر لینڈ، ملائیشیا، میکسیکو، پرتگال اور قطر سے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حصہ لینے والے تمام کھلاڑی بین الاقوامی رینکنگ رکھنے والے کھلاڑی ہیں۔

ٹورنامنٹ ڈائریکٹر نے امید ظاہر کی کہ یہ چیمپئن شپ ملک میں اسکواش کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی اوراس کھیل کی کھوئی ہوئی ساکھ واپس بحال کرنے کی طرف پاک بحریہ کا ایک بڑا قدم ہوگی۔ کموڈور حبیب الرحمن نے اس میگا ایونٹ میں شمولیت اور معاونت پر کھلاڑیوں ، آفیشلز اور اسپانسرزکے جوش و جذبے کی حوصلہ افزائی کی۔
وقت اشاعت : 07/12/2018 - 16:46:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :