حالات ایسے ہی رہے تو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے بارے میں سوچنا پڑیگا:سرفراز احمد

دورہ جنوبی افریقہ اچھا نہ رہا تو سوچ بچا ر کروں گا : قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 7 دسمبر 2018 19:49

حالات ایسے ہی رہے تو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے بارے میں سوچنا پڑیگا:سرفراز احمد
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7 دسمبر2018ء) نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناکامی کے بعد قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے ۔ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست کے بعد سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ اب ہمیں اپنی ٹیسٹ ٹیم کے نتائج کے بارے میں سنجیدگی سے سوچنا ہوگا ،نیوزی لینڈ سے متحدہ عرب امارات میںٹیسٹ سیریز ہارنے پر بہت دکھ ہے اور ابوظہبی میں ہم دونوں ٹیسٹ میچز میں مضبوط پوزیشن میں آنے کے بعد میچز ہارے جو ناقابل قبول ہے ، کوئی یہ نہیں کہ سکتا ہے کہ ہمارے کھلاڑی محنت نہیں کررہے ہیں اور کوچز بھی ان کے ساتھ کام کررہے ہیں لیکن اب کھلاڑیوں کو بھی اپنی ذمہ داریاں سمجھنا ہوں گی ۔

قومی ٹیم کے کپتان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں ٹیسٹ کرکٹ میں لمبا وقت کریز پر گزارنے والے کھلاڑی چاہیئیں ،اب ہمارے اوپنرز کو بھی نئی گیند کھیلنے اور وکٹ پرلمبی اننگز کھیلنے کی عادت ڈالنی ہوگی ۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ جب ہم متحدہ عرب امارات کی وکٹوں پر کامیابی حاصل نہیں کرسکتے ہیں تو جنوبی افریقی پچز پر تو کامیابی کا سوچنا بھی مشکل ہے ،کسی کھلاڑی کو ہارنا پسند نہیں اور بطور کپتان میں بھی ہمیشہ جیتنے کے لیے میدان میںاترتا ہوں ،ہم اچھا کھیل کر ہاریں تو کوئی اعتراض نہیں لیکن اس طرح کی پرفارمنس کا دفاع نہیں کیا جاسکتا ۔

سرفراز احمد نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے سوال پر کہا کہ ابھی تو ایسا کچھ نہیں سوچا لیکن اگر ٹیم کے حالات یہی رہے تو اس بارے میں سوچنا پڑے گا ،اب جنوبی افریقہ کا دورہ اہم جہاں ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنا ہوگی ، اگر وہاں نتائج اچھے نہ نکلے تو ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کے بارے میں فیصلہ کرسکتا ہوں ۔یاد رہے کہ مئی 2017ءمیں مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد ستمبر 2017ءمیں سرفراز احمد نے بطور کپتان پہلی مرتبہ ابوظہبی ٹیسٹ میں سری لنکا کا سامنا کیا تاہم 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو کلین سویپ کی خفت سے دوچار ہونا پڑا تھا ۔سرفراز احمد کی قیادت میں قومی ٹیم کو10میں سے 4ٹیسٹ میچز میں کامیابی ملی اور5میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ ڈرا رہا۔
وقت اشاعت : 07/12/2018 - 19:49:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :