پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ ساتویں نمبر پر پہنچ گیا

پاکستان کے پاس سیریز میں 0-3 سے کامیابی کی صورت میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کا نادر موقع تھا ،ْ پہلے ٹیسٹ میں جیتی ہوئی بازی گنوادی

ہفتہ 8 دسمبر 2018 12:50

پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں دوبارہ ساتویں نمبر پر پہنچ گیا
ابوظہبی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2018ء) نیوزی لینڈ کے خلاف جیتی ہوئی ٹیسٹ سیریز گنوانے کے بعد پاکستانی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں مزید تنزلی کے بعد 7ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔سیریز کے آغاز سے قبل ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں قومی ٹیم 95پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر براجمان تھی جبکہ نیوزی لینڈ 102پوائنٹس کے ساتھ اعشاریائی پوائنٹس کے فرق سے آسٹریلیا سے آگے چوتھی پوزیشن پر موجود تھی تاہم اس دوران سری لنکن ٹیم کی شکست اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کی بدولت پاکستان کی ٹیم ایک درجہ ترقی کرتے ہوئے چھٹے نمبر پر آگئی تھی۔

پاکستان کے پاس سیریز میں 0-3 سے کامیابی کی صورت میں چوتھی پوزیشن حاصل کرنے کا نادر موقع تھا، لیکن قومی ٹیم نے پہلا ٹیسٹ میچ چار رنز سے ہار کر جیتی ہوئی بازی گنوا دی تھی۔

(جاری ہے)

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے باآسانی فتح سمیٹی لیکن سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بیٹنگ لائن کی بدترین ناکامی کے سبب پاکستان کو میچ میں 123رنز سے شکست دے کر نیوزی لینڈ نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

سیریز میں 1-2 سے کامیابی کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم دوبارہ ایک درجہ تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی ہے اور تین پوائنٹس گنوانے کے بعد اس کے پوائنٹس 92 ہو گئے ہیں۔دوسری جانب سیریز میں کامیابی کے بعد نیوزی لینڈ نے اپنی چوتھی پوزیشن برقرار رکھی اور تین پوائنٹس اضافے کے ساتھ اس کے پوائنٹس کی تعداد 105 ہو گئی ہے۔
وقت اشاعت : 08/12/2018 - 12:50:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :