لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کو پی ایس ایل 4کے لیے کپتان مقرر کردیا

امید ہے اس بار ٹیم اچھے نتائج دے گی:فواد رانا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 دسمبر 2018 13:31

لاہور قلندرز نے محمد حفیظ کو پی ایس ایل 4کے لیے کپتان مقرر کردیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9دسمبر2018ء) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہورقلندرز کے مالک فواد رانا نے آل راﺅنڈر محمد حفیظ کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے ٹیم کا کپتان مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ لاہور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دورا ن فواد رانا کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے پہلے سیزن کے بعد سے ہی محمد حفیظ کو اپنی ٹیم میں لینا چاہتے تھے لیکن ٹورنامنٹ کے قوانین اور پروسیجرز نے انہیں ایسا کرنے سے محروم رکھا، ان کا کہنا تھا کہ سکواڈ میں شامل نئے کھلاڑی محمد حفیظ نے انٹر نیشنل کرکٹ میں حاصل کردہ تجربے سے مستفید ہوں گے اور امید ہے کہ اس بار لاہور قلندرز اپنے چاہنے والوں کو مایوس نہیںکرے گی۔

فواد رانا کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستان سپر لیگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کررہے ہیں اور چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )احسان مانی کے شکر گزار ہیں جو ہماری گزارشات سن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ انہیں جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ اسے نبھانے کی پوری کوشش کریں گے اور امید ہے کہ لاہور قلندرز اس بار اچھے نتائج دے گی ۔

یاد رہے کہ 38سالہ محمد حفیظ نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے ،وہ اب تک248ٹونٹی ٹونٹی میچز میں24.61کی اوسط سے 5244رنز سکور کرچکے ہیں جن میں 2سنچریاں اور30نصف سنچریاں شامل ہیں اور اس دوران ان کا سٹرائیک ریٹ 122.35رہا، وہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں 21.86کی اوسط سے158وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں ۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن14فروری 2019ءسے متحدہ عرب امارات میں شروع ہوگا اور لیگ کے آخری آٹھ میچز پاکستان میں کھیلنے جائیں گے جب کہ فائنل میچ 17مارچ کو نیشنل سٹیڈیم،کراچی میں شیڈول ہے ۔
وقت اشاعت : 09/12/2018 - 13:31:46

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :