مشرفی اور مستفیض کی عمدہ بائولنگ، بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 5 وکٹوں سے ہرا دیا، فاتح ٹیم نے 196 رنز کا ہدف 36ویں اوور میں 5 وکٹوں پر پورا کیا، مشفق کی ناقابل شکست ففٹی، مشرفی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

اتوار 9 دسمبر 2018 20:40

ڈھاکہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) مشرفی مرتضیٰ اور مستفیض الرحمان کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو پہلے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں1-0 کی برتری حاصل کر لی، ویسٹ انڈین ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 195 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، شائی ہوپ 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، مشرفی اور مستفیض نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں میزبان بنگال ٹائیگرز نے مطلوبہ ہدف 36ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، مشفق الرحیم نے 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، مشرفی کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

اتوار کو کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں ویسٹ انڈین کپتان روومان پاویل نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے مہنگا ثابت ہوا، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنائے، بنگلہ دیشی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شائی ہوپ 43، کیرن پاویل 10، ڈیرن براوو 19، مارلون سیموئلز 25، شمرون ہٹمائر 6، روومان پاویل 14، روسٹن چیس 32، کیموپال 36 اور دیوندرا بیشو بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، کیمر روچ 5 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مشرفی اور مستفیض نے 3، 3 مہدی حسن میراز، شکیب الحسن اور روبیل حسین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 36ویں اوور کی پہلی گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، تمیم اقبال 12 رنز بنا کر چلتے بنے، امرالقیس کا بلا بھی نہ چلا اور صرف 4 رنز بنا سکے، لٹن داس 41 رنز بنانے کے بعد کیموپال کا شکار بنے، 890 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مشفق الرحیم نے شکیب الحسن کے ساتھ مل کر سکور 146 تک پہنچا دیا، یہاں پر پاویل نے شکیب کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، شکیب نے 30 رنز بنائے، 175 کے مجموعی سکور پر سومیا سرکار 19 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، مشفق الرحیم حریف بائولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے محموداللہ کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلائی، مشفق 55 اور محموداللہ 14 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، روسٹن چیس نے 2، کیموپال، پاویل اور تھامس نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 09/12/2018 - 20:40:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :