ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستانی ٹیم ہالینڈ کے ہاتھوں 5-1 گولز سے شکست کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب، جرمنی ملائیشیا کو ہرا کر براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا

اتوار 9 دسمبر 2018 21:30

ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ، پاکستانی ٹیم ہالینڈ کے ہاتھوں 5-1 گولز سے شکست کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب، جرمنی ملائیشیا کو ہرا کر براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
بھوبنیشور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) ایف آئی ایچ ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم ہالینڈ کے ہاتھوں 5-1 گولز سے شکست کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، جرمنی کی ٹیم ملائیشیا کو ہرا کر براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔

(جاری ہے)

اتوار کو بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے گروپ ڈی کے میچ میں ہالینڈ نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 1 کے مقابلے میں 5 گولز سے ہرا کر دوسری کامیابی سمیٹی اور اس کے ساتھ ہی ناک آئوٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی، پاکستانی ٹیم بھی شکست کے باوجود ناک آئوٹ مرحلے میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی، پہلے ہاف کے 7ویں منٹ میں ہالینڈ کے برنک مین نے فیلڈ گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی تاہم دو منٹ بعد پاکستان کے عمر بھٹہ نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا، 27ویں منٹ میں ہالینڈ کے ورگا نے شاندار فیلڈ گول کر کے ٹیم کی برتری 2-1 گولز کر دی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف میں ہالینڈ کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے تین گولز کر کے میچ میں مجموعی طور پر 5-1 گولز سے کامیابی سمیٹی، اسطرح دونوں ٹیموں نے ناک آئوٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا، پاکستانی ٹیم نے بہترین اوسط کی بناء پر ناک آئوٹ مرحلے تک رسائی حاصل کی ہے جبکہ ملائیشین ٹیم آخری گروپ میچ میں جرمنی کے ہاتھوں 5-3 گولز سے شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہو گئی ہے، جرمنی نے مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ براہ راست کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

وقت اشاعت : 09/12/2018 - 21:30:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :