پی سی بی کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑگئی

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لیے

بدھ 12 دسمبر 2018 21:59

پی سی بی کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو 70 ملین ڈالرز زر تلافی کیس میں بھارت سے شکست مزید مہنگی پڑ گئی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس کے اخراجات کی مد میں پاکستان سے 15 کروڑ روپے مانگ لیے، بی سی سی آئی نے آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی کے سربراہ مائیکل بیلوف کو خط لکھ دیا۔آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مشکل میں اضافہ ہو گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے کیس لڑنے پر ہونے والے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ سے مانگ لیے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی جانب سے باہمی کرکٹ سیریز نہ کھیلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی میں کیس کیا تھا جس میں 447 کروڑ روپے ہرجانہ طلب کیا گیا تھا تاہم مائیکل بیلوف کی سربراہی میں آئی سی سی کمیٹی نے کیس کا فیصلہ بھارتی بورڈ کے حق میں دے دیا تھا جس کے بعد اب بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کیس پر آنے والے اخراجات کا ازالہ چاہتا ہے اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو خط لکھا کہ اس کیس پر اٹھنے والے 15 کروڑ روپے کے اخراجات پاکستان کرکٹ بورڈ ادا کرے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان باہمی سیریز 2013 سے نہیں کھیلی گئی۔واضح رہے کہ نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے 2014 میں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان 2015 سے 2023 تک 6 سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹوئنٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
وقت اشاعت : 12/12/2018 - 21:59:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :