نیتھن لیون ٹاپ آرڈر بھارتی بلے بازوں کے نمبر ون دشمن بن گئے

آف سپنراب تک پجاراکو8،رہانے کو7اور کوہلی کو6مرتبہ آﺅٹ کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 دسمبر 2018 14:50

نیتھن لیون ٹاپ آرڈر بھارتی بلے بازوں کے نمبر ون دشمن بن گئے
ایڈیلیڈ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13دسمبر2018ء) آسٹریلیوی ٹیم کے آف سپنر نیتھن لیون بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں اپنی ٹیم کا کامیابی سے ہمکنار تو نہیں کروا سکے تاہم میچ میں آٹھ شکار کرنے کے ساتھ ساتھ کئی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو زیادہ مرتبہ آﺅٹ کرنے کا اعزاز ضرور اپنے نام کرلیا ۔بھارتی ٹیم نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد31رنز سے کامیابی حاصل کی اور نیتھن لیون نے اس مقابلے کی پہلی اننگز میں83رنز کے عوض2شکار کیے جب کہ دوسری اننگز میں122رنز دے کر6بھارتی کھلاڑیوں کو پوویلین بھیجا،وہ اپنی ٹیم کو کامیابی تو نہ دلا سکے تاہم کئی ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو زیادہ مرتبہ آﺅٹ کرنے کا شاندار اعزاز اپنے نا م کرنے میں ضرور کامیاب رہے ، نیتھن لیون اب تک چتیشور پجاراکو8مرتبہ ، اجنکے رہانے کو7مرتبہ، کپتان ویرات کوہلی اور فاسٹ باﺅلر ایشانت شرما کو6،6مرتبہ جب کہ لوکیش راہول اور روہت شرما کو4،4مرتبہ اپنی باﺅلنگ کا شکار بنا چکے ہیں ،نیتھن لیون نے اب تک آسٹریلیا کے لیے81ٹیسٹ میچز میں32.05کی اوسط سے326وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جن میں13مرتبہ اننگز میں 5یا اس سے زیادہ شکار اور 2مرتبہ میچ میں10یا اس سے زیادہ وکٹیں لینا شامل ہے ۔

(جاری ہے)

وہ بھارت کے خلاف اب تک15ٹیسٹ میچز میں32.45کی اوسط سے72وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جن میں 6مرتبہ اننگز میں5یا اس سے زیادہ شکار اور ایک مرتبہ میچ میں10یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے کا کارنامہ شامل ہے ۔ یاد رہے کہ بھارتی ٹیم نے کینگروز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 31 رنز سے شکست دی تھی۔ اس سے قبل آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان تین ٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز 1-1 سے برابری پر ختم ہوگئی تھی۔

میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم بھارت نے پہلے میچ میں 4 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا۔ تیسرے اور آخری میں کینگروز نے بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز کا اختتام 1-1 سے برابری پر ختم کر دیا۔ واضح رہے کہ بھارتی ٹیم چار ٹیسٹ میچز کے علاوہ تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلے گی۔

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ جمعہ سے 18 دسمبر تک پرتھ کے مقام پر کھیلا جائیگا۔ تیسرا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک میلبورن میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2019ءتک سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری 2019ءکو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 15 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 18 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔
وقت اشاعت : 13/12/2018 - 14:50:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :