نجم سیٹھی نے پی سی بی کو30کروڑ کا نقصان پہنچا دیا

سابق چیئر مین پی سی بی نے خود کو درست ثابت کرنے کیلئے لاحاصل مقدمہ کرایا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 14 دسمبر 2018 13:05

نجم سیٹھی نے پی سی بی کو30کروڑ کا نقصان پہنچا دیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14دسمبر2018ء) سابق چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نجم سیٹھی نے خو د کو صحیح ثابت کرنے اور بھارت سے زر تلافی پانے کے چکر میں بورڈ کاپیسہ پانی کی طرح بہایا۔پاکستان نے باہمی سیریز کھیلنے کا معاہدہ پورا نہ کرنے پر بھارت کیخلاف 63 ملین ڈالر کا مقدمہ کیا تھا جس کا نتیجہ اس کے خلاف سامنے آیا اور اب مزید رقم بھی ضائع ہونے کا خدشہ ہے کیوں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی )نے پی سی بی سے اخراجات کی مد میں 28.6کروڑ پاکستانی روپے (15کروڑ بھارتی روپے) وصول کرنے کے لیے کیس کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ایسے کیسز میں دونوں پارٹیز اور تنازعات کمیٹی اپنے اپنے اخراجات کی مکمل تفصیل پیش کرتی ہیں، پھر دونوں پارٹیز میں سے جس کے خلاف فیصلہ آئے اسے ادائیگی کرنا پڑتی ہے، اب پاکستان کو بھی رقم دینا پڑے گی اور اسے چیلنج بھی نہیں کیا جا سکتا۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ بورڈ ثالثی کمیٹی کے سامنے کہہ سکتا ہے کہ پی سی بی یہ کیس نجم سیٹھی کی لاپرواہی کی وجہ سے ہارا اور ان کی غلطیوں کی سزا پاکستان کرکٹ بورڈ کو نہیں ملنی چاہیئے تاہم حتمی فیصلہ کمیٹی کا ہی ہوگا ۔

بھارت سے قانونی جنگ کے لیے نجم سیٹھی کے دور میں پی سی بی نے تقریباً ایک ملین پاﺅنڈ کا بجٹ رکھا تھا، اس کیس کو لڑنے کے لیے پاکستان سمیت برطانوی وکلا ءکی بھی خدمات حاصل کی گئیں، سابق چیئرمین نجم سیٹھی و دیگر آفیشلز نے انگلینڈ کے کئی ٹورز کیے، اس سب پرتقریباً8 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے ہی بگ تھری کی حمایت پر بھارت سے کئی سیریز کا کھوکھلا معاہدہ کیا تھا،انھوں نے اپنے آپ کو درست ثابت کرنے کے لیے ثالثی کمیٹی میں کیس کرایا حالانکہ اس وقت بھی بعض آفیشلز کا خیال تھا کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا اور اب بھی ایسا ہی ہوا ہے۔

خیال رہے کہ سابق چیئرمین نجم سیٹھی کے دور میں پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے 2014 ءمیں متنازع بگ تھری کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا تھا جس کے تحت دونوں ملکوں کے درمیان چھ سیریز ہونا تھی جن میں 14 ٹیسٹ 30 ون ڈے انٹر نیشنل اور 12 ٹی ٹونٹی شامل تھے لیکن بھارتی بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی کی۔
وقت اشاعت : 14/12/2018 - 13:05:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :