پاکستا ن کو ایشیا کپ کے انعقاد کی میزبانی ملنا پی سی بی کی کامیاب لابنگ کا نتیجہ ہے ،صاد ق محمد

جمعہ 14 دسمبر 2018 15:06

پاکستا ن کو ایشیا کپ کے انعقاد کی میزبانی ملنا پی سی بی کی کامیاب لابنگ کا نتیجہ ہے ،صاد ق محمد
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر صادق محمد نے کہا ہے کہ پاکستا ن کو ایشیا کپ کے انعقاد کی میزبانی ملنا پی سی بی کی کامیاب لابنگ کا نتیجہ ہے اور امید ہے کہ اس فیصلہ سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں مزید ہموار ہوں گی ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ایشیا کپ ستمبر 2020ء میں ورلڈ ٹی 20 سے قبل کھیلا جائے گا اور اس کی میزبانی پاکستان کرے گا ۔

10برس میں پہلی بار پاکستان کو اس ٹورنامنٹ کی میزبانی ملی ہے جو کہ پی سی بی کی موجودہ انتظامیہ کی کوششوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ میں پاکستان، بھارت ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں شرکت کر کریں گی اور ایک ٹورنامنٹ 50 اوورز اور اگلا 20 اوورز کے فارمیٹ کے تحت کھیلا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان اور بھارت کے درمیان معاملات بہتر نہیں ہوتے اور بھارت بھی 2020ء میں پاکستان آکر ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان میں ایشیا کپ کا انعقاد کھٹائی میں پڑ سکتا ہے۔

پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ کے معاملات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ۔ صادق محمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف جیتے ہوئے میچز ہارے تاہم اب انہیں اپنی غلطیوں سے سبق حاصل کرکے جنوبی افریقہ کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی پاکستان کو بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ پاکستان کے بلے باز پریشر میں آجاتے ہیں انہیں ذہنی طور پر مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان ٹیم میں باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں اور قومی ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔
وقت اشاعت : 14/12/2018 - 15:06:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :