ْمہدی، مشرفی اور شکیب کی عمدہ بائولنگ، بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو فیصلہ کن ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر سیریز 2-1 سے جیت لی، فاتح ٹیم نے 199 رنز کا ہدف 38.3ویں اوور میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، شائی ہوپ کی ناقابل شکست سنچری رائیگاں، تمیم اقبال ناقابل شکست 81 اور سومیا سرکار 80 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے،مہدی حسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:40

سلہٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) مہدی حسن مرزا، مشرفی مرتضیٰ اور شکیب الحسن کی عمدہ بائولنگ کی بدولت بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو فیصلہ کن ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں2-1 سے جیت لی۔ ویسٹ انڈین ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 199 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا تھا، مہدی حسن مرزا نے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4، مشرفی مرتضی اور شکیب الحسن نے 2، 2 وکٹیں لیں، جواب میں میزبان بنگال ٹائیگرز نے مطلوبہ ہدف تمیم اقبال اور سومیا سرکار کی دوسری وکٹ پر شاندار 131 رنز کی پارٹنرشپ کی بدولت 38ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 108 رنز بنائے تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔

(جاری ہے)

تمیم اقبال نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 81 رنز بنائے، سومیا سرکار 80 رنز اور لٹن داس 23 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ مہدی حسن مرزا کو عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ جمعہ کو سلہٹ کے مقام پر کھیلے گئے فیصلہ ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں بنگلہ دیشی کپتان مشرفی مرتضی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جو ان کیلئے بہتر ثابت ہوا، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بناکر آئی لینڈرز کو میچ میں کامیابی کے لئے 199 رنز کا ہدف دیا۔ شائی ہوپ کے علاوہ بنگلہ دیشی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے سامنے ویسٹ انڈیز کا کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، شائی ہوپ ناقابل شکست 108 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

مارلون سیموئلز 19، کیمو پال 12، ڈیرن براوو نے 10 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہدی حسن میراز نے 4، شکیب الحسن اور مشرفی مرتضی نے 2 ، 2اور سیف الدین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوور کی تیسری گیند پر 2 وکٹوں پر پورا کیا، لٹن داس بنگلہ دیش ٹیم کے پہلے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 23 رنز بناکر کیمو پال کی گیند پر رومین پائول کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔

اس کے بعد تمیم اقبال نے سومیا سرکار کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ پر قیمتی 131 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کی پوزیشن میچ میں کامیابی کیلئے مضبوط بنادی تاہم اس موقع پر سومیا سرکار کی عمدہ اننگز کا خاتمہ ہوگیا۔ سومیا سرکار نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 خوبصورت چھکے اور 5 چوکوں کی مدد سے 80 رنز بنائے اور اس دوران انہوں نے 81 گیندوں کا سامنا کیا اور وہ انفرادی 80 رنز بناکر کیمو پال کی گیند پر کلینڈ بولڈ ہوگئے۔

تمیم اقبال نے ایک اینڈ پر اپنی عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ برقرار رکھا اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا۔ یوں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 38.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے نہ صرف میچ بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے کیمو پال نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مہدی حسن کو عمدہ بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 14/12/2018 - 19:40:00

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :