دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست، ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل میں پہنچ گئیں، فائنل کل کھیلا جائے گا

ہفتہ 15 دسمبر 2018 21:25

بھوبنیشور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) ہالینڈ نے دفاعی و عالمی چیمپئن آسٹریلیا کو شکست دے کر ایف آئی ایچ ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ فائنل میں جگہ بنا لی، بیلجیئم نے انگلینڈ کو ہرا کر پہلی مرتبہ فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، ہالینڈ اور بیلجیئم کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں کل اتوار کو آمنے سامنے ہوں گی، تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔

ہفتہ کو بھارت میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں بیلجیئم نے انتہائی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 گولز سے ہرا کر فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا، پہلے ہاف میں بیلجیئم کو انگلینڈ کے خلاف 2-0 گولز کی برتری حاصل تھی، دوسرے ہاف میں بھی بیلجیئم کا پلڑا بھاری رہا اور اس نے مزید 4 گولز کر کے مجموعی طور پر 6-0 گولز سے کامیابی حاصل کی، بیلجیئم نے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے کا اعزاز پایا ہے، دوسرے سیمی فائنل میں ہالینڈ نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد پنالٹی اسٹروکس پر 4-3 گولز سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی، پہلے ہاف میں ہالینڈ کو 2-0 گولز کی برتری حاصل تھی لیکن آسٹریلوی ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ہاف میں 2 گولز کر کے مقابلہ برابر کر دیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 2-2 گولز سے برابری پر ختم ہوا تاہم پنالٹی اسٹروکس پر ہالینڈ نے آسٹریلیا کو 3 کے مقابلے میں 4 گولز سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

ہالینڈ اور بیلجیئم کے درمیان فائنل کل اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسری پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔
وقت اشاعت : 15/12/2018 - 21:25:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :