ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا 17سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

بھارتی کپتان نے پرتھ ٹیسٹ میں اپنی25ویں سنچری سکور کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 16 دسمبر 2018 12:38

ویرات کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا 17سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا
پرتھ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16دسمبر2018ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان اورمایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنے ٹیسٹ کیریئرکی25سنچری سکور کرلی ہے جس کے بعد وہ کم ترین اننگز میں 25ٹیسٹ سنچریاں سکورکرنے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بن گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق بھارت نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میںدلچسپ مقابلے کے بعد31رنز سے کامیابی حاصل کی تھی ،دوسرے ٹیسٹ میں کینگرو کپتان ٹم پین نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیانے مارکوس ہیرس، ایرون فنچ اور ٹریوس ہیڈ کی نصف سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں326رنز سکور کیے ،بھارت کے لیے ایشانت شرما نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ جسپریت بمراہ،امیش یادو اور ہنومن وہاری نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں،بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں محض8رنز پرہی اوپنرز لوکیش راہول اور مرلی وجے سے محروم ہوگئی اور چتیشور پجارا کے آﺅٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی نے اجنکے رہانے کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 91رنز جوڑے ، بھارتی کپتان نے شاندار بلے بازی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے257گیندوں پر123رنز سکور کیے ،یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی25ویں سنچری تھی جس کے ساتھ ہی انہوں نے کم ترین ٹیسٹ اننگز میں 25سنچریاں سکور کرنے کا سچن ٹنڈولکر کا 17سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا ہے ،عظیم آسٹریلیوی بلے باز سر ڈان بریڈمین نے محض68اننگز میں 25ٹیسٹ سنچریاں مکمل کی تھیں جب کہ سچن ٹنڈولکر نے 2001ءمیں چنائی ٹیسٹ میں آسٹریلیا ہی کے خلاف130ویں اننگز میں 25سنچریاں مکمل کی تھیں تاہم ویرات کوہلی نے127اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے،سابق بھارتی اوپنر سنیل گواسکر نے138اور سابق کینگرو اوپنر میتھیو ہیڈن نے139اننگز کھیل کر اپنی 25ٹیسٹ سنچریاں مکمل کی تھیں ۔

 

وقت اشاعت : 16/12/2018 - 12:38:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :