دوسرا ٹیسٹ، بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 283 رنز پر آئوٹ، کوہلی 123 رنز بنا کر نمایاں، لیون کی 5 وکٹیں، آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں پر 132 رنز بنا کر مجموعی طور پر 175 رنز کی برتری حاصل کر لی، عثمان خواجہ 41 رنز بنا کر ناقابل شکست، شامی کی 2 وکٹیں

اتوار 16 دسمبر 2018 16:20

پرتھ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) ویرات کوہلی کی ریکارڈ ساز سنچری کے باوجود بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں میزبان ٹیم کی پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 283 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، کوہلی نے ڈٹ کر کینگروز بائولرز کا مقابلہ کیا اور سنچری سکور کی، وہ 123 رنز بنا کر نمایاں رہے، نیتھن لیون نے 5 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنایا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے روز کھیل کے اختتام تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا کر مجموعی طور پر 175 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، عثمان خواجہ 41 اور کپتان ٹم پین 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، محمد شامی نے 2 وکٹیں لیں۔

اتوار کو پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارتی ٹیم نے 172 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی نا مکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو کوہلی 82 اور اجنکیا راہانے 51 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے پہلے ہی اوور میں لیون نے حریف بلے بازوں کو وکٹ پر جمنے کا موقع نہ دیا اور راہانے کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، وہ51 رنز بنا کر چلتے بنے، ہانوما وہاری 20 رنز بنا کر ہیزلووڈ کی گیند کا نشانہ بنے، 251 کے سکور پر بھارت کی چھٹی وکٹ گری جب کوہلی 123 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے کے بعد پیٹ کمنز کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد آسٹریلوی بائولرز نے حریف بلے بازوں کو زیادہ دیر تک وکٹ پر ٹھہرنے کا موقع نہ دیا اور پوری ٹیم 283 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، ریشبھ پانٹ 36، محمد شامی صفر، ایشانت شرما اور جسپریت بمرا ایک، ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے، نیتھن لیون نے 5، مچل سٹارک اور جوش ہیزلووڈ نے 2، 2 اور پیٹ کمنز نے ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے تیسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنا کر مجموعی طور پر 175 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی، مارکس ہیرس اور ایرون فنچ نے ٹیم کو 59 رنز کا آغاز فراہم کیا یہاں پر بمرا نے ہیرس کو کلین بولڈ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 20 رنز بنائے، ایرون فنچ 25 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے، شان مارش کا بلا نہ چلا اور 5 رنز بنا کر چلتے بنے، پیٹر ہینڈزکامب 13 رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہوئے، اس کے بعد ٹریوس ہیڈ نے عثمان خواجہ کا ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی تاہم 120 کے سکور پر شامی نے ہیڈ کو آئوٹ کر کے پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 19 رنز بنائے، عثمان خواجہ 41 اور ٹم پین 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شامی نے دو جبکہ بمرا اور ایشانت شرما نے ایک، ایک وکٹ لی۔

وقت اشاعت : 16/12/2018 - 16:20:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :