بیلجیئم نے 14واں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی

فاتح ٹیم نے ہالینڈ کو فیصلہ کن معرکے میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی اسٹروکس پر 3-2 گولز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، ابتدائی 2 پنالٹی اسٹروکس ضائع کرنے کے باوجود بیلجیئممیدان مارنے میں کامیاب، آسٹریلیا کی تیسری پوزیشن

اتوار 16 دسمبر 2018 21:40

بھوبنیشور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2018ء) بیلجیئم نے 14واں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی، فاتح ٹیم نے ہالینڈ کو فیصلہ کن معرکے میں سنسنی خیز اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی اسٹروکس پر 3-2 گولز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم پنالٹی اسٹروکس پر بیلجیئم نے ہالینڈ کو 3-2 گولز سے زیر کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا، ابتدائی دو پنالٹی اسٹروکس ضائع کرنے کے باوجود بیلجیئم کی ٹیم نے میدان مار لیا، آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 8-1 گولز سے زیر کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

اتوار کو بھارت میں کھیلے گئے چودہویں ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں بیلجیئم اور ہالینڈ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ دیکھنے کو آیا، سرتوڑ کوشش کرنے کے باوجود دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک گول کرنے میں ناکام رہیں اور مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو پانچ پانچ پنالٹی اسٹروکس دیئے گئے جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ایک مرتبہ پھر 2-2 گولز سے برابر ہو گیا لیکن چھٹے پنالٹی اسٹروکس پر بیلجیئم نے گول کیا جبکہ ہالینڈ کی ٹیم گول نہ کر سکی، اسطرح بیلجیئم نے ہالینڈ کو 3-2 گولز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8-1 گولز سے ہرا کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا، کریگ نے شاندار ہیٹرک کی، ہاورڈ نے 2 جبکہ گوورز، مٹن اور برانڈ نے ایک، ایک گول کیا، انگلینڈ کی جانب سے واحد گول مڈلٹن نے کیا۔
وقت اشاعت : 16/12/2018 - 21:40:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :