پاکستان مار چ میں آسٹریلیا کی اپنی سرزمین پر میزبانی کا خواہشمند

کرکٹ آسٹریلیا کا سکیورٹی ماہرین کی ٹیم پاکستان بجھوانے کا عندیہ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 17 دسمبر 2018 12:53

پاکستان مار چ میں آسٹریلیا کی اپنی سرزمین پر میزبانی کا خواہشمند
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے بعد اگلے سال مارچ میں عالمی چیمپئن آسٹریلوی ٹیم کی میزبانی کا خواہش مند ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 19 مارچ سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں 5 ون ڈے میچز کی سیریز طے ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کی یہ کوشش ہے کہ 17 مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے بعد 19 مارچ سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کے پہلے 2 میچز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کو کراچی بلا یا جائے ۔

ذرائع کے مطابق اس مقصد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چند ہفتے پہلے کرکٹ آسٹریلیا سے رابطہ کیا تھا جہاں سے مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا اور کرکٹ آسٹریلیا نے سیریز سے قبل اپنی سکیورٹی ماہرین کی ٹیم کو بھی پاکستان بجھوانے کا عندیہ دیا تھا،آسٹریلوی بورڈ کے ردعمل کے بعد اب پاکستان کرکٹ بورڈ حکام اس پر مزید پیشرفت ہونے کے لیے پرامید ہیں، آسٹریلوی ٹیم نے آخری بار 1998 ءمیں مارک ٹیلر کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کیا تھاجہاں راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران مارک ٹیلر نے334 رنز ناٹ آﺅٹ کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب پاکستان میں موجود آسٹریلین ہائی کمیشن نے بھی پاکستان کی موجودہ سکیورٹی صورت حال پر اپنی رپورٹ حکومت کو بھجوانی ہے جو آسٹریلوی ٹیم کے ممکنہ دورہ پاکستان کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہوگی۔ اس حوالے سے آسٹریلوی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے کچھ عرصے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ایک تقریب میں پاکستان میں سکیورٹی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی اقدامات تسلی بخش ہیں اور حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں، وہ اپنی حکومت کو رپورٹ دے سکتی ہیں تاہم ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ حکومت اور کرکٹ آسٹریلیا نے کرنا ہے۔ 

وقت اشاعت : 17/12/2018 - 12:53:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :