دورہ جنوبی افریقہ:پریکٹس میچ سے قبل اہم کھلاڑی فٹ نہ ہوسکے

فخر زمان گھٹنے، محمد عباس کندھے اور شاداب گروئن انجری کا شکار ہیں: ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 18 دسمبر 2018 13:38

دورہ جنوبی افریقہ:پریکٹس میچ سے قبل اہم کھلاڑی فٹ نہ ہوسکے
جوہانسبرگ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔18دسمبر2018ء) جنوبی افریقہ کے دورے کے لیے جوہانسبرگ میں موجود قومی کھلاڑی ابھی تک مکمل طور پر فٹنس مسائل سے چھٹکارا پانے میں ناکام رہے ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان، فاسٹ باﺅلر محمد عباس اور لیگ سپنر شاداب خان تاحال اپنی فٹنس حاصل کرنے کے لیے جدو جہد کررہے ہیں ۔ذرائع کے مطابق فخر زمان گھٹنے، محمد عباس کندھے اور شاداب گروئن انجری سے مکمل طور پر چھٹکارا نہیں پاسکے ہیں اور شاداب خان اور محمد عباس بدھ سے جنوبی افریقہ انویٹیشن الیون کے خلاف شروع ہونے والے تین روزہ پریکٹس میچ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے جب کہ اوپنر فخر زمان کی بھی میچ میں شرکت کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔

قومی ٹیم بدھ سے جنوبی افریقی انویٹیشن الیون کے خلاف تین روز ہ پریکٹس میچ کھیلے گی جس کے لیے کھلاڑی بینونی میں سخت ٹریننگ کر رہے ہیں،دونوں ٹیموں کے ما بین پہلا ٹیسٹ 26دسمبر سے جوہانسبرگ میں کھیلا جائے گا اور رپورٹس کے مطابق اب بات کا بھی قوی امکان موجود ہے کہ محمد عباس اور شاداب خان پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ دورہ جنوبی افریقا کے دوران پاکستان کو پروٹیز کے خلاف 3 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا ہے۔

جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سکواڈ سرفراز احمد(کپتان و وکٹ کیپر )، امام الحق، فخر زمان، اظہر علی، حارث سہیل، اسد شفیق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، شاداب خان، محمد عباس، حسن علی، محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر مشتمل ہے۔








وقت اشاعت : 18/12/2018 - 13:38:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :