پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز دبئی میں آئندہ سال میچ میں کھیلی جائیگی،دونوں ممالک کو باہمی سیریز کھیلنی چاہیں، چیئرمین پی بی سی سی

منگل 18 دسمبر 2018 14:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز دبئی میں آئندہ سال میچ میں کھیلی جائیگی۔ اس سلسلے میں بھارت انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے۔ دونوں ممالک کو باہمی سیریز کھیلنی چاہیں۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے منگل کو اے پی پی کو بتایا کہ نیپال میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے اجلاس کے دوران بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے کے درمیان سیریز کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی تھی جس میں یہ طے پایا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے روابط ہونے چاہیں اور آپس میں ایک دوسرے کے درمیان باہمی سیریز ہونا ضروری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان یہ طے پایا کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سیریز آئندہ سال مارچ میں دبئی میں ہونے کاامکان ہے جس کی میزبانی بھارت کرے گا۔

(جاری ہے)

سیریز کے حوالے سے بھارت انتظامات کا جائزہ لے رہا ہے۔ سید سلطان شاہ نے بتایاکہ پاکستان نے بھارت کو تجویز دی ہے کہ سیریز میں تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹونٹی میچز ہونے چاہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سیریز کی کامیابی کے بعد 2019ء کے آخر میں دبئی میں دوسری سیریز کا انعقاد ہو گا جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ قبل ازیں پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور بھارت بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے کے مابین دبئی میں جنوری میں ہونے والے ورلڈ کپ کے دوران ایک معاہدہ طے پایا تھا کہ بھارتی ٹیم نومبر میں پاکستان کے دورے پر آئے گی اس کے بعد پاکستان ٹیم ان کے ملک میں سیریز کھیلنے کیلئے جائے گی لیکن بھارتی حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز التواء کا شکار ہو گئی تھی۔

انہوں نے کہاکہ اب پاکستان اور بھارت کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان متبادل ونیو پر سیریز کا امکان ہے۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ بحال ہو جائے گی۔
وقت اشاعت : 18/12/2018 - 14:27:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :