ناصر جمشید پر برطانیہ میں بھی رشوت کے الزام میں فرد جرم عائد

ٹیسٹ کرکٹر سمیت تین افراد کو15جنوری کو طلبی کے سمن جاری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 دسمبر 2018 15:55

ناصر جمشید پر برطانیہ میں بھی رشوت کے الزام میں فرد جرم عائد
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20دسمبر2018ء) ٹیسٹ کرکٹر ناصر جمشید پر برطانیہ میں بھی رشوت کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی ہے ۔ ناصر جمشید کے ساتھ یوسف انور اور محمد اعجاز پر برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی(این سی اے ) نے رشوت کے الزام میں چارج کیا ہے،تینوں افراد پر بنگلا دیش اور پاکستان میں کرکٹ میچز پر سپاٹ فکسنگ کا الزام ہے۔برطانوی شہریوں35سالہ یوسف انور اور33سالہ محمد اعجاز کو ناصر جمشید کے ہمراہ فروری 2017ءمیں گرفتا رکیا گیا تھا ، بدھ کوکراﺅن پراسکیوشن سروس نے ناصر جمشید سمیت تینوں افراد کو 15جنوری2019ءکو مانچسٹر مجسٹریٹ کے سامنے حاضر ہونے کے لیے سمن جاری کردیئے گئے ہیں ، نیشنل کرائم ایجنسی نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹر نیشنل کرکٹ بورڈ کے ساتھ بہت قریب سے مل کر کام کیا ہے۔

(جاری ہے)

29سالہ ناصر جمشید نے2ٹیسٹ اور48ون ڈے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے ،فروری 2017ءمیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر انہیں معطل کردیا تھا جب کہ دسمبر2017ءمیں عدم تعاون کے نتیجے میں پی سی بی کی جانب سے ان پر ایک سال کی پابندی عائد کردی تھی ، اگست 2018ءمیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر ناصر جمشید پر10سال کی پابندی عائد کردی تھی، اکتوبر میں ایک آزاد ایجو ڈیکیٹر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی اس سزا کو برقرار کھا تھا ۔

اسلا م آباد یونائیٹڈ کے خالد لطیف اور شرجیل خان کو بھی سپاٹ فکسنگ کے الزامات پر 5،5سال کی پابندی عائد کی گئی تھی جب کہ فاسٹ باﺅلر محمد عرفان اور آ ل راﺅنڈر محمد نواز کو بالترتیب ایک سال اور2ماہ کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی ۔



وقت اشاعت : 20/12/2018 - 15:55:13

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :