حنیف محمد کی 84ویں سالگرہ پر گوگل کا خراج عقیدت

لٹل ماسٹر آج بھی ٹیسٹ کرکٹ میں طویل ترین اننگز کھیلنے والے بلے باز ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 21 دسمبر 2018 11:52

حنیف محمد کی 84ویں سالگرہ پر گوگل کا خراج عقیدت
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21دسمبر2018ء) لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر حنیف محمد کی 84 ویں سالگرہ پر سرچ انجن گوگل نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنا ڈوڈل آج کے دن کے لیے ان کے نام کردیا۔گوگل کی طرف سے پاکستانی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں اس سے قبل بھی ڈوڈل جاری ہوچکے ہیں۔ ان شخصیات میں ملالہ یوسف زئی، نازیہ حسن، عبدالستار ایدھی، فاطمہ ثریا بجیا اور نصرت فتح علی خان وغیرہ شامل ہیں۔

21دسمبر 1934ءکو جوناگڑھ میں پیدا ہونےوالے حنیف محمد نے اکتوبر 1952ءمیں بھارت کیخلاف دہلی ٹیسٹ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اپنا آخری ٹیسٹ اکتوبر 1969ءمیں نیوزی لینڈ کیخلاف کراچی میں کھیلا ، انہوں نے پاکستان کے لیے 55ٹیسٹ میچز میں43.98کی اوسط سے 3915رنز سکور کیے تھے جس میں 12سنچریوں کے ساتھ15نصف سنچریاں بھی شامل تھیں ، انہیں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی طویل ترین اننگز کھیلنے کا اعزا ز بھی حاصل ہے ، انہوں نے 1958ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف برج ٹاﺅن ٹیسٹ میں 970منٹ بیٹنگ کے دوران 337رنز کی اننگز کھیلی تھی جو آج بھی ایک ملکی ریکارڈ ہے،حنیف محمد نے 1959ءمیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں سرڈان بریڈ مین کا452رنز کا ریکارڈ توڑ کر 499رنز کی اننگز کھیلی تھی جو 35سال تک ریکارڈ رہا،وہ ایک رن کی کمی سے 500رنز نہیں بنا پائے تھے ،1994 ءمیں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے کاﺅنٹی کرکٹ میں واروکشائر کے لیے ڈرہم کے خلاف501رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انکا ریکارڈ توڑا تھا ، حنیف محمد کو 1968 ءمیں وزڈن کا سال کا بہترین کرکٹر بھی قرار دیا گیا اور 2009 ءمیں انہیں پاکستان کے دو سابق عظیم کھلاڑیوں عمران خان اور جاوید میانداد کے ساتھ آئی سی سی کے ہال آف فیم میں شامل ہونیوالے 55 کھلاڑیوں کی پہلی فہرست میں بھی شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

حنیف محمد کے 5میں سے 4بھائیوں نے بھی پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔ حنیف محمد نے 238 فرسٹ کلاس میچوں میں 52.32 کی اوسط سے 55 سنچریوں اور 66 نصف سنچریوں کی مدد سے17059رنز بنائے تھے۔سابق کپتان حنیف محمد طویل علالت کے بعد 11 اگست 2016 ءکو 81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے، لیکن کرکٹ کے میدان میں ان کی لازوال خدمات آج بھی مداحوں کے دلوں میں نقش ہیں۔

وقت اشاعت : 21/12/2018 - 11:52:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :