امریکہ میں دوران ریسلنگ ریفری نے میچ روک کر ریسلر کے بال کٹوا دئیے

سوشل میڈیا پر کھلاڑی کے بال کاٹنے کی وڈیو وائرل ہوگئی ،ْ صارفین اور ماہرین نے فیصلے کو نسل پرستانہ اور نفرت آمیز قرار دیدیا

پیر 24 دسمبر 2018 14:37

امریکہ میں دوران ریسلنگ ریفری نے میچ روک کر ریسلر کے بال کٹوا دئیے
نیو جرسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2018ء) امریکہ میں ریفری نے ریسلر کے کندھوں تک لٹکی زلفوں کو کاٹے بغیر میچ جاری رکھنے سے منع کردیا جس پر کوچ کو مجبوراً نوجوان ریسلر کے بال کاٹنے پڑے۔عالمی میڈیا کے مطابق امریکا میں اسکول کی سطح پر ہونے والے ریسلنگ کے مقابلوں میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب میچ ریفری نے کندھوں تک بالوں کی چوٹیا بنائے کھلاڑی کو بال کاٹے بغیر میچ جاری رکھنے سے روک دیا۔

نوجوان ریسلر اینڈریو جانسن کے کوچ نے میچ ریفری کے فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے معاملے کو سلجھانے کی کوشش بھی کی تاہم ریفری نے اصرار کیا کہ یا تو بال کاٹے جائیں یا میچ ادھورا چھوڑ کر ناک آئوٹ کے لیے تیار ہوجائیں جس پر کوچ نے مجبوراً ریسلر کے بال کاٹ دیئے۔

(جاری ہے)

ایبڈریو جانسن نے میچ سے قبل بال ترشوانے پر رضامندی کا اظہار بھی کیا تھا تاہم بال چھوٹے کرانے کے بجائے انہوں نے لمبے بالوں کو سمیٹ کر چھپا دیا تھا لیکن ریفری کے لیے یہ ناقابل قبول تھا۔

سوشل میڈیا پر کھلاڑی کے بال کاٹنے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔سوشل میڈیا پر صارفین اور ماہرین نے سخت ردعمل دیتے ہوئے ریفری مالونی کے فیصلے کو نسل پرستانہ اور نفرت آمیز قرار دیا، قبل ازیں ریفری مالونی کی جانب سے 2016ء میں بھی سیاہ فام ریفری پر جملے کسنے اور دھکے دینے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
وقت اشاعت : 24/12/2018 - 14:37:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :