اہم میچ میں متنازع فیصلہ دینے والے بنگلادیشی امپائر نے غلطی کا اعتراف کرلیا

بطور امپائر میرا ماضی اچھا ہے اور نو بال دینا میری غلطی تھی جو انشاء اللہ مستقبل میں نہیں ہوگی ،ْبنگلادیشی امپائرتنویراحمد

پیر 24 دسمبر 2018 16:15

اہم میچ میں متنازع فیصلہ دینے والے بنگلادیشی امپائر نے غلطی کا اعتراف کرلیا
ڈھاکہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2018ء) ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران غلط نو بال دینے والے بنگلادیشی امپائر تنویر احمد نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کے درمیان 22 دسمبر کو کھیلے گئے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے فائنل میچ کے دوران امپائر تنویر احمد کا فیصلہ تنازع کا باعث بنا۔

191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی بیٹنگ جاری تھی اور چوتھے اوور کی آخری گیند پر امپائر کی جانب سے نو بال دی جس پر مہمان ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھ ویٹ تھرڈ امپائر کے پاس گراؤنڈ سے باہر چلے گئے اور اس طرح میچ 8 منٹ تک روکنا پڑا۔امپائر تنویر احمد نے اسی اوور کی پہلی گیند پر بھی نو بال دی تھی اور دونوں نو بالز پر ملنے والی فری ہٹ پر بنگلادیشی بلے باز نے چھکے لگائے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈین کپتان نے امپائر کے فیصلے کی شکایت کی اور کہا کہ بڑی اسکرین پر بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ نو بال نہیں تاہم تھرڈ امپائر نے بھی امپائر کے فیصلے کی تائید کی۔پہلی مرتبہ انٹرنیشنل میچز میں امپائرنگ کرنے والے بنگلادیشی امپائر تنویر احمد نے کہا کہ بطور امپائر ان کا ماضی اچھا ہے اور نو بال کی ان کی غلطی تھی جو انشاء اللہ مستقبل میں نہیں ہوگی۔

امپائر تنویر احمد نے کہا کہ ہر شخص کا اچھا اور بٴْرا دن ہوتا ہے اور 22 دسمبر میرا بٴْرا دن تھا اور میں اپنی غلطی پر بہت سوچ رہا ہوں۔بنگلادیشی امپائر کا کہنا تھا کہ نوبال پر فیصلہ کرنا مشکل ہوتا ہے، کیوں کہ امپائر کو بولر کا پاؤں اور کریز کے درمیان فرق جانچنا ہوتا ہے جب بولر تیزی سے چھلانگ لگاتا ہے تو اس موقع پر اسے دیکھنا مشکل ہوتا ہے۔
وقت اشاعت : 24/12/2018 - 16:15:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :