ٹیسٹ رینکنگ، گرین شرٹس کوچھٹی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع مل گیا

بیٹنگ میں ویرات کوہلی اور باﺅلنگ میں کگیسو ربادا سر فہرست ، اظہر علی کانوا ں نمبر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 دسمبر 2018 13:33

ٹیسٹ رینکنگ، گرین شرٹس کوچھٹی پوزیشن حاصل کرنے کا موقع مل گیا
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25دسمبر2018ء) جنوبی افریقہ کے خلاف بدھ سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کے پاس رینکنگ میں بہتری پانے کا موقع موجود ہوگا۔قومی ٹیم سردست 92 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، پروٹیز کے خلاف 0-3 سے وائٹ واش کامیابی پر گرین شرٹس 100 پوائنٹس لے کر سری لنکا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے چھٹے نمبر آسکتی ہے، سرفراز الیون نے اگر0-2 سے کامیابی حاصل کی تو اس کے پوائنٹس بڑھ کر 99 ہوجائیں گے جب کہ 1-2 اور0-1 سے جیت پر قومی ٹیم کے پوائنٹس 97 ہوسکتے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے لیے انگلینڈ کی جگہ دوسری پوزیشن پر آنے کا موقع ہوگا لیکن اس کے لیے اسے پاکستان کے خلاف0-3 سے کامیابی درکار ہوگی اور اس صورت میں پروٹیز کے پوائنٹس بڑھ کر 110 ہوسکتے ہیں جب کہ پاکستان کے پوائنٹس88رہ جائیں گے،0-2سے جیت پر ڈوپلیسی الیون کے 108 پوائنٹس ہوں گے اور پاکستان 89پوائنٹس پر پہنچ جائے گا،1-2یا 0-1سے کامیاب ہونے کی صور ت میں جنوبی افریقی ٹیم کے پوائنٹس107رہ جائیں گے جب کہ سرفراز الیون کے پوائنٹس91ہو ں گے ۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں ویرات کوہلی پہلے اور اظہر علی نویں نمبر پر ہیں، با ﺅلنگ میں کگیسوربادا سرفہرست ہیں،محمد عباس چوتھی جب کہ یاسر شاہ دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں ۔جنوبی افریقہ اور پاکستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 26 سے 30 دسمبر تک سنچورین میں کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری، تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

وقت اشاعت : 25/12/2018 - 13:33:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :