بھارت کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں7سالہ بچہ آسٹریلیا کی کپتانی کریگا

آسٹریلین کپتان ٹم پین نے ایک تقریب میں اس کا باضابطہ اعلان کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 دسمبر 2018 14:06

بھارت کیخلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں7سالہ بچہ آسٹریلیا کی کپتانی کریگا
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25دسمبر2018ء) آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف بد ھ سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے لیے7سالہ آرچی شلر کو ٹیم کا شریک کپتان نامزد کیا ہے۔7سالہ آرچی شلر کرکٹ کے مداح ہیں اور تین ماہ کی عمر میں ان میں دل کی ایک بیماری کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد اب تک ان کی کئی سرجریز ہو چکی ہیں۔انھیں ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرنے کی خبر گذشتہ ماہ سامنے آئی تھی جب آسٹریلیا کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہے تھی۔

آرچی شلر کو ٹیم میں شامل کرنے خبر آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے انھیں دی تھی،وہ بھارت کےخلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ سے قبل ٹیم کے ساتھ پریکٹس بھی کرچکے ہیں ۔آسٹریلین ٹیسٹ کپتان ٹم پین نے میلبورن میں ایک فیملی ڈے کی تقریب میں اس کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

ٹم پین نے اس موقع پر کہا کہ بےشک آرچ اور ان کا خاندان ایک مشکل وقت سے گزرتا رہا ہے،جب ان کے والد نے ان سے پوچھا کہ وہ کیا کرنا چاہیں گے تو انھوں نے کہا کہ وہ آسٹریلیا کی کپتانی کرنا چاہتے ہیں،بعض اوقات ہم زندگی جیتے ہیں، یہ بہت اچھا ہے، لیکن بعض اوقات ہم خود اپنی زندگی میں ضائع ہوجاتے ہیں، چنانچہ ان جیسا کوئی ہمارے آس پاس ہونا ہمارے گروپ کے لیے بہت متاثر کن ہے۔

یہ بہت اچھا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور ہم باکسنگ ڈے پر ان کے ڈیبیو کے منتظر ہیں۔تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے آسٹریلیا کا سکواڈ ٹم پین (وکٹ کیپر اور کپتان)، آرچی شلر (کپتان)، جوش ہیزل ووڈ، مچل مارش، پیٹ کمنز، آرون فنچ، پیٹر ہینڈسکومب، مارکس ہیرس، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، نیتھن لائن، شان مارش، پیٹر سڈل اور مچل سٹارک پر مشتمل ہوگا ۔خیال رہے کہ آسٹریلیا اور انڈیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انڈیا نے 31 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ پرتھ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کو 146 رنز سے زیر کیا تھا۔
وقت اشاعت : 25/12/2018 - 14:06:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :