ویرات کوہلی اہلیہ انوشکا شرما کی فلاپ فلم کی تعریف کرنے پرمذاق کا نشانہ بن گئے

فلم ” زیرو“ رواں سال کی آخری بڑی ریلیز ہونے والی فلم تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 دسمبر 2018 15:15

ویرات کوہلی اہلیہ انوشکا شرما کی فلاپ فلم کی تعریف کرنے پرمذاق کا نشانہ بن گئے
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25دسمبر2018ء) بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی بلے بازی کے دنیا بھر میں مداح موجود ہیں تاہم جب انہو ں نے اپنی اہلیہ اور بالی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی ’فلاپ ‘ فلم ”زیرو“ کی کھل کر تعریف کی تو سوشل میڈیا صارفین نے بھی جی بھر کر بھارتی کپتان کا مذاق اڑایا ۔ ویرات کوہلی نے نہ صرف انوشکا شرما کی فلم کی خوب تعریف کی تھی بلکہ اس فلم میں ان کی اداکاری کو ’شاندار‘ بھی قراردیا تھا ،انہوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”میں نے فلم’ زیرو‘ دیکھی اور اس سے خوب لطف اندوز ہوا،ہر کسی نے اپنا کردار بہترین طریقے سے نبھایا، انوشکا شرما کی اداکاری لاجواب رہی کیوں کہ میرے خیال میں ان کا کردار انتہائی چیلنجنگ تھا اور انہوں نے اپنے کردار سے خوب انصاف کیا “۔

(جاری ہے)

اس فلم کو شائقین اور نقادوں کی جانب سے کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑرہا ہے او ر کوہلی کے مداحوں نے بھی موقع سے فائد ہ اٹھاتے ہوئے بھارتی کپتان کا دل کھول کر مذاق اڑا یا ،ایک ٹویٹر صارف نے لکھا”لڑکی کا چکر بابو بھیا ،لڑکی کا چکر“ ،
ایک اور صارف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ”بھائی کہاں پیسے ضائع کردیئے ، لوکیش راہول کی بیٹنگ دیکھ لیتے “، دیگر ٹویٹر صارفین نے بھی انوکھے طریقے سے ویرات کوہلی کا مذاق اڑایا ،
یاد رہے کہ شاہ رخ خان کی فلم ” زیرو“ رواں سال کی آخری بڑی ریلیز ہونے والی فلم تھی اوراسے سال کی ہٹ ترین فلم قرار دیا جارہا تھا لیکن ابھی تک نقادوں کی جانب سے اس فلم کو کچھ زیادہ اچھے ریویوز نہیں ملے ۔

وقت اشاعت : 25/12/2018 - 15:15:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :