کوہلی میلبورن ٹیسٹ میں سنچری نہ بنا سکیں تو ریٹائر ہوجائیں:مچل جونسن

سابق کینگروپیسر پہلے بھی بھارتی کپتان پر تنقید کرچکے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 دسمبر 2018 15:38

کوہلی میلبورن ٹیسٹ میں سنچری نہ بنا سکیں تو ریٹائر ہوجائیں:مچل جونسن
میلبورن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26دسمبر2018ء) سابق آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر مچل جونسن نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی پر اپنے حملے جاری رکھتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کوہلی آسٹریلیا کے خلاف میلبورن ٹیسٹ میں سنچری سکور کرنے میں ناکام رہیں توانہیں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردینا چاہیئے ۔ 37سالہ مچل جونسن نے اس بحث کا آغاز اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر ایک سڑک کی تصویر لگا کر کیا جو میلبورن ٹیسٹ کی پچ کی عکاسی کررہی تھی ،
بھارتی صارفین نے مچل جونسن پر جملے کسنے شروع کیے جس پر سابق کینگرو پیسر نے ویرات کوہلی کے لیے بڑا چیلنج رکھ دیا ، ایک ٹویٹ میں جوا ب میں مچل جونسن کا کہنا تھا کہ اگر ویرات کوہلی اس پچ پر بھی سنچری سکور کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں ریٹائرمنٹ کا اعلان کردینا چاہیئے،
حالیہ کچھ ہفتوں کے دوران مچل جونسن نے بھارتی ٹیم اور بالخصوص ویرات کوہلی پر شدید تنقید کی ہے اور اگر چہ بھارتی مداحو ں کی جانب سے بھی انہیں جوابات دیئے جارہے ہیں لیکن وہ مسلسل بھارتی ٹیم اور ویرات کوہلی کو نشانہ بنا رہے ہیں ، حال ہی میں اپنے ایک آرٹیکل میں ویرات کوہلی پر تنقید کرتے ہوئے مچل جونسن نے لکھا تھا کہ ”ویرات کوہلی فیلڈ پر بہت کچھ کہ جانے کے باوجود بچ جاتے ہیں کیوں کہ وہ ویرت کوہلی ہیں،آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں کوہلی ایک بے ادب اور بد مزاج شخص کے طور پر سامنے آئے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور مچل جونسن کے درمیان تو تو میں میں کا مظاہرہ2014-15ءمیں بھارت کے دورہ آسٹریلیا کے درمیان دیکھنے کوملا تھا جب میلبورن ٹیسٹ کے دوران جونسن نے کوہلی کو رن آﺅٹ کرنے کے لیے گیند وکٹوں کی جانب پھینکا جو کوہلی کو لگا ، جونسن نے فوری طور پر معافی مانگ لی تاہم دونوں میں شدیدتو تو میں میں ہوئی ۔ 
وقت اشاعت : 26/12/2018 - 15:38:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :