جسپریت بمراہ میں وسیم اکرم کی جھلک نظر آتی ہے :وینکٹ لکشمن

بمراہ کو اپنی باﺅلنگ پر وسیم اکرم جیسا کنٹرول حاصل ہے :سابق بھارتی بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 جنوری 2019 13:04

جسپریت بمراہ میں وسیم اکرم کی جھلک نظر آتی ہے :وینکٹ لکشمن
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2019ء) سابق بھارتی بیٹسمین وینکٹ لکشمن نے اپنے ہم وطن پیسر جسپریت بمرا کا موازنہ لیجنڈری باﺅلر وسیم اکرم سے کردیا۔جسپریت بمراہ نے میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں بھارت کی 137 رنز سے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ، انھوں نے اس مقابلے میں 86رنز دے کر9 شکار کیے۔ 1996ءسے 2012ءکے دوران بھارت کے 134ٹیسٹ میچز میں 45.97کی اوسط سے 8781رنز سکور کرنے والے44سالہ وینکٹ لکشمن کا جسپریت بمراہ کے بارے میں کہنا تھا کہ انہوں نے ثابت کیا کہ وہ اپنی فٹنس پر کتنی سخت محنت کرتے ہیں،وہ انتہائی باصلاحیت ہونے کے ساتھ گیند کو وکٹوں کے دونوں جانب عمدگی سے موو کرتے ہیں، وہ ہر حریف بیٹسمین کو ذہن میں رکھ کر اس کے لیے اپنے پلان کے مطابق باﺅلنگ کررہے ہیں، ان کی باﺅلنگ دیکھ کر میرے ذہن میں وسیم اکرم آتے ہیں جو میرے کیریئر کے مشکل ترین باﺅلر تھے ،ان کے پاس بھی ہر قسم کی وارئٹی تھی اور انہیں ہر ورائٹی پر مکمل کنٹرول حاصل تھا ،بمراہ میں بھی مجھے یہی کوالٹی نظر آتی ہے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3جنوری سے شروع ہوگا۔شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 سے 7 جنوری 2019ءتک سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 12 جنوری 2019ءکو سڈنی میں کھیلا جائیگا۔ دوسرا ون ڈے میچ 15 جنوری کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائیگا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ 18 نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے تینوں میچز ڈے اینڈ نائٹ ہونگے۔
وقت اشاعت : 01/01/2019 - 13:04:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :