پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کبڈی اور ہاکی کے انڈر 16کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع

افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ملک عمر فاروق نے کھلاڑیوں میں ٹریک سو ٹس اور کٹس تقسیم کیں، کھیلوں کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے بھر پور معاونت کا اعلان

منگل 1 جنوری 2019 16:16

پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کبڈی اور ہاکی کے انڈر 16کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ شروع
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2019ء) :پنجاب سپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام کبڈی اور ہاکی کے منتخب انڈر 16کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے کوچنگ کیمپ منگل کو شروع ہو گیا جبکہ تربیتی کیمپ کے افتتاح کے موقع پر مہما ن خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے سپورٹس ، یوتھ افیئر ز ، آثار قدیمہ ، سیاحت و ثقافت ملک عمر فاروق کی جانب سے زیر تربیت کھلاڑیوں میں ٹریک سو ٹس اور کٹس تقسیم کی گئیں نیز کبڈی و ہاکی سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے نوجوان کھلاڑیوں کی بھر پور معاونت کا بھی اعلان کیا گیا ۔

منگل یکم جنوری سے شروع ہو کر 31جنوری جمعرات تک جاری رہنے والے مذکورہ کیمپوں میں ہاکی کے 28انڈر 16اور کبڈی کے 33انڈر 16کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جنہیں کیمپ کے دوران قیام و طعام اور کھیلوں کی سہولیات سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے فراہم کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں منگل کی دوپہر بوہڑاں والی گرائونڈ فیصل آباد میں منعقدہ شاندار تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی ملک عمر فاروق نے بتایاکہ انڈر 16 ہاکی کے کھلاڑیوں کیلئے کوچنگ کیمپ ہاکی سٹیڈیم گوجرہ میں جبکہ انڈر 16 کبڈی کے کھلاڑیوں کا کوچنگ کیمپ بوہڑانوالی گرائونڈ میں منعقد کیا جا رہا ہے جس میں ہاکی اور کبڈی کے نامور قومی کھلاڑی و کوچ نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کرر ہے ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ پنجاب بھر سے ہاکی کے جن 28 انڈر 16 اور کبڈی کے 33 انڈر 16 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے انہیں اعلیٰ معیار کی کوچنگ کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے احکامات اور صوبائی وزیر سپورٹس پنجاب رائے تیمور حیات بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی خصوصی ہدایات پر کھلاڑیوں کی تربیت کا مذکورہ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کی نگرانی ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل آباد طارق نذیر کر رہے ہیں۔

معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ملک عمر فاروق نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ کسی زمانہ میں پاکستان کی ہاکی اور کبڈی کی ٹیمیں دنیا بھر کے ایونٹس میں نمایاں کامیابی حاصل کرتی تھیں مگر یہ امر قابل افسوس ہے کہ گزشتہ ادوار حکومت میں جس طرح کرکٹ کو پذیرائی بخشی گئی اس انداز سے ہاکی ، کبڈی ، سکواش اور دیگر کھیلوں کی سرپرستی نہیں کی گئی۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں تاہم اس ٹیلنٹ کو ایماندارانہ طریقے سے سامنے لانے کی ضرورت ہے تاکہ عالم اقوام کی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کا کھویا ہوا مقام دوبارہ واپس حاصل کیا جا سکے۔انہوںنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت تعلیمی و نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کا فروغ یقینی بنائے گی تاکہ ٹیلنٹ کو نکھارکر سامنے لاتے ہوئے کھیلوں کی دنیا میں اپنا سکہ جمایا جا سکے۔

انہوںنے توقع ظاہر کی کہ نوجوان کھلاڑی اس ایک ماہ کے تربیتی و کوچنگ کیمپ کے دوران اپنی تمام توجہ کھیلوں کی جانب مرکوز رکھیں گے اور سینئر ز کے تجربات سے بھر پور استفادہ ممکن بنایا جائے گا۔ اس موقع پر ڈویژنل سپورس آفیسر فیصل آباد طارق نذیر ، ڈسرکٹ سپورٹس آفیسر رانا حماد اقبال ، تحصیل سپورٹس آفیسرز بھی موجود تھے۔
وقت اشاعت : 01/01/2019 - 16:16:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :