اسد شفیق کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں ان ایکشن ہوں گے :معروف صحافی کا دعوی

مکی آرتھرمحمد رضوان کو کھلانا چاہتے تھے ،سرفراز نے اسد شفیق کو ڈراپ کرنے سے انکار کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 جنوری 2019 19:42

اسد شفیق کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں ان ایکشن ہوں گے :معروف صحافی کا دعوی
کیپ ٹاﺅن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2019ء) قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کی حتمی الیون کا حصہ ہوں گے،ہیڈ کوچ مکی آرتھر محمد رضوان کو ان کی جگہ ٹیم میں شامل کرنے کے خواہاں تھے ۔ معروف سپورٹس صحافی نے دعوی کیا ہے کہ کوچ مکی آرتھر کے بھر پور اصرار کے باوجود سنچورین ٹیسٹ میں ناکام رہنے والے اسد شفیق دوسرے ٹیسٹ کی حتمی الیون کا حصہ ہوں گے ۔

ذرائع کے مطابق کپتان سرفراز احمد نے پہلے ٹیسٹ میں ناقص کاکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کو دوسرے ٹیسٹ کے لیے ڈراپ کرنے سے انکار کردیا تھا اور اس فیصلے میں انہیں ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں کی حمایت بھی حاصل تھی،یاد رہے کہ فروری 2013ءمیں دائیں ہاتھ کے بیٹسمین کیپ ٹاﺅن میں 111رنز کی اننگز کھیلے تھے،اس میچ میں یونس خان نے بھی سنچری سکور کی تھی ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مکی آرتھر اب بھی ٹیم کے سینئر ترین بلے بازوں اظہر علی اور اسد شفیق سے دوبارہ بات کرنے سے ہچکچارہے ہیں اور کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں اسد شفیق کی جگہ وکٹ کیپر محمد رضوان کوبطور بلے باز کھلانے کے خواہشمند تھے۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سینئر بیٹسمینوں کی بدترین کارکردگی کے بعد ہیڈ کوچ مکی آرتھر جذبات پر قابو نہ پاسکے اور انکی کپتان سرفراز احمد سمیت سینئر کھلاڑیوں سے شدید جھڑپ ہوئی تھی جس کے بعد معاملہ گالم گلوچ تک پہنچ گیا تھا،مکی آرتھر اس قدر غصے میں تھے کہ انہوں نے تمام اخلاقی حدود پار کردی تھیں اور ڈریسنگ روم میں چیزیں اٹھا کر پھینک دی تھیں۔

جنوبی افریقہ کے دورے پر موجود چیئرمین پی سی بی احسا ن مانی نے ٹیم منیجر طلعت علی سے ملاقات میں ڈریسنگ روم کی خبریں منظرعام پر آنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا،انہوں نے کپتان اور کوچ کے درمیان اختلافات کو ختم کروادیا تھا۔یاد رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک کیپ ٹاﺅن جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 11 سے 15 جنوری تک جوہانسبرگ کھیلا جائے گا، اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ 19 جنوری، دوسرا میچ 22 جنوری، تیسرا میچ 25 جنوری، چوتھا میچ 27 جنوری جبکہ پانچواں اور آخری میچ 30 جنوری کو کھیلا جائے گا، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ یکم فروری، دوسرا میچ 3 فروری جبکہ تیسرا اور آخری میچ 6 فروری کو کھیلا جائے گا۔

 
وقت اشاعت : 01/01/2019 - 19:42:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :