کم ترین اننگز میں 19ہزار انٹر نیشنل رنز ،کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑدیا

بھارتی کپتان نے399اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 3 جنوری 2019 17:02

کم ترین اننگز میں 19ہزار انٹر نیشنل رنز ،کوہلی نے سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑدیا
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جنوری 2019ء) بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کم ترین اننگز میں 19ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کرنے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ 30سالہ ویرات کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف سڈنی ٹیسٹ میں کور ڈرائیو کے ذریعے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور اس کے بعد انہوں نے اپناگیارہواں رن مکمل کرنے تینوں فارمیٹس میں19ہزار رنز بھی مکمل کرلیے ، کوہلی نے399اننگز کھیل کر19ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کرکے کم ترین اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دینے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ، ان سے پہلے دو بھارتی کھلاڑیوں سمیت مجموعی طور پر 11کھلاڑیوں نے یہ کارنامہ سر انجام دے رکھا تھا لیکن ان میں سے کوئی بھی 430سے کم اننگز میں بھی یہ اعزاز اپنے نام نہیں کرسکا تھا ۔

ویرات کوہلی سے پہلے ریکارڈ عظیم بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کے پاس تھا جنہوں نے 432اننگز کھیل کر اپنے19ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کیے تھے ، ویسٹ انڈیز کے برائن لارا نے 433اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا،اگر میچز کی بات کی جائے تو برائن لارا نے355میچز میں19ہزار رنز مکمل کیے تھے جب کہ ویرات کوہلی نے358ویں میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا ہے،سچن ٹنڈولکر نے382میچز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا ۔

(جاری ہے)

سابق آسٹریلیوی کپتان رکی پونٹنگ نے 377میچز کی 444اننگز کھیل کر19ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کیے جبکہ سابق جنوبی افریقی آل راﺅنڈر جیک کیلس نے392میچز کی458اننگز کھیل کر یہ اعزاز اپنے نام کیا۔ ویرات کوہلی سے قبل کم ترین اننگز میں 18ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز برائن لارا کے پاس تھا جنہوں نے411اننگز میں یہ کارنامہ سر انجام دیا ،سچن ٹنڈولکر نے412اننگز کھیل کر 18ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کیے تھے ،جتنی اننگز کھیل کر کوہلی نے 19ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کیے تھے اس سے بالتر تیب12اور13اننگز زیاد ہ کھیل کر برائن لارا اور سچن ٹنڈولکر نے اپنے18ہزار انٹر نیشنل رنز مکمل کیے تھے ۔ ویرات کوہلی اب تیز ترین15000،16000،17000،18000اور19000 انٹر نیشنل رنز سکور کرنے کا اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں۔
وقت اشاعت : 03/01/2019 - 17:02:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :