آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن بیڈمنٹن چمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی

جمعرات 3 جنوری 2019 19:26

آل پاکستان انٹر یونیورسٹی ویمن بیڈمنٹن چمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2019ء) ایچ ای سی کے زیراہتمام اور شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی کے تعاون سے آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز ویمنز بیڈمنٹن چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں شروع ہوگئی چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ 29 یونیورسٹیوںکی دوسو سے زائد کھلاڑی شرکت کررہی ہیں ۔ چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح وائس چانسلر شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رضیہ سلطانہ نے کیا ان کے ہمراہ سابق ورلڈ چیمپئن قمرزمان ، ڈائریکٹر پی ایس بی ممتاز احمد ندیم ڈائریکٹر سپورٹس بے نظیر یونیورسٹی ماریہ ثمین سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

افتتاحی روز پہلے میچ میں شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی نے ایریڈ یونیورسٹی راولپنڈی کو دو صفر سے شکست دی ، پہلے سنگل میں امبر نے اقراء عباسی کو 21-6,21-10 اور تیسرے گیمز میں 21-16 سے شکست دی ، ڈبل میں امبر اور مومنا نے ایریڈ یونیورسٹی کی آرزو اور رابعہ جاوید کو تین صفر سے شکست دی ، سکور 21-13,21-17 اور 21-11 رہا ، دوسرے میچ میں یونیورسٹی آف پشاور نے یونیورسٹی آف پونچھ آزاد جموں کشمیر کو دو صفر سے شکست دی ، پہلے ڈبلز میں علینا اور گل رخ نے صدف اور اقصاکو تین صفر سے شکست دی ، سکور 21-14,21-15,21-6 رہا ، سنگل میں پشاور کی علینا نے پونچھ یونیورسٹی کی اقصا حمید کو تین صفر سے شکست دی ، سکور 21-17,21-15 اور21-17 رہا ، چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 29 یونیورسٹی کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جس میںپنجاب یونیورسٹی اپنے اعزاز کا دفاع کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر بے نظیر یونیورسٹی ڈاکٹر رضیہ سطانہ نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کو کہا گیا ہے کہ تمام آئے ہوئے ٹیموں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائے انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش امر بات ہے کہ پورے ملک سے ریکارڈ 29 خواتین ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جو اس بات کی یقین دہانی کرارہی ہے کہ خیبرپختونخوا میں پوری طرح امن بحال ہوچکا ہے اور خواتین ٹیموں کا پشاور آنا یقیناً ایک اچھا پیغام نہ صرف دیگر صوبوں بلکہ دیگر ممالک کو بھی جائیگا۔
وقت اشاعت : 03/01/2019 - 19:26:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :