موجودہ حالات میں بھی پاکستانی سکواڈ میں جگہ نہ ملنا سمجھ سے بالاتر:فواد عالم

سلیکٹرز ہی بتا سکتے ہیں کہ کیوں منتخب نہیں کرتے : ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 جنوری 2019 16:20

موجودہ حالات میں بھی پاکستانی سکواڈ میں جگہ نہ ملنا سمجھ سے بالاتر:فواد عالم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 4جنوری 2019ء) ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھی پاکستانی سکواڈ میں جگہ نہ ملنا ان کیلئے سمجھ سے بالاتر ہے۔گزشہ روز میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پہلے مصباح الحق اور یونس خان کی موجودگی کو میرے قومی ٹیم میں چانس نہ بننے کا باعث کہا جاتا رہا مگر ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھی یہ سلسلہ برقرار ہے۔

فواد عالم کا کہنا تھا کہ قومی سلیکٹرز ہی بتا سکتے ہیں کہ انہیں کیوں منتخب نہیں کرتے لیکن وہ اپنی جانب سے کسی بھی ایونٹ میں ملنے والے موقع پر بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کا اصل ہدف کرکٹ کھیلنا ہے اور وہ اب بھی مایوس نہیں ہیں، پوری امید ہے کہ قومی اسکواڈ میں جگہ بنانے کا پھر سے موقع ملے گا۔

(جاری ہے)

یادرہے کہ ایک عشرے کے دوران ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے باصلاحیت بیٹسمین فواد عالم اب بھی قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کے ”نظر کرم “ کے منتظر ہیں۔ بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کو2009ءکے بعد ٹیسٹ،2015ءکے بعد ون ڈے جبکہ2010 ءکے بعد کوئی ٹی ٹونٹی کھیلنے کا موقع نہیں مل سکا ہے۔33 سالہ فواد عالم مئی 2017ءمیں یونس خان اور مصباح الحق کی ریٹائر منٹ کے بعد ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے مضبوط ترین امیدوار تھے تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انکی جگہ اپنے بھتیجے امام الحق کو قومی ٹیم میں سلیکٹ کرلیا۔

فواد عالم نے ابھی تک سلیکشن کمیٹی کے اس رویے کے باوجود ہار نہیں مانی ہے اورقائد اعظم ٹرافی میں لگاتار پرفارمنس دیئے جارہے ہیں ۔فواد عالم ابتک155فرسٹ کلاس میچز میں 56.08کی اوسط سے 11441رنز سکور کرچکے ہیں جن میں30سنچریاں اور58نصف سنچریاں شامل ہیں اور اسوقت بھی کرکٹ کھیلنے والے پلیئرزکی فہرست میں بہترین اوسط کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر موجود ہیں ، حال ہی میں دورہ انگلینڈ کے دوران اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنےوالے بھارتی بلے باز ہنومن وہاری 59.48کی اوسط سے ساتھ پہلے اور سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ 57.37کی اوسط کے ساتھ دوسرے نمبر پرموجود ہیں ،فوادعالم کی فرسٹ کلاس اوسط سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ (55.90) اور بھارتی کپتان ویرات کوہلی (54.16) سے بھی زیادہ ہے۔

انہوں نے 2009 ءمیں سر ی لنکا کیخلاف اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنی دوسری ہی اننگز میں 168رنز کی شاندار باری کھیل ڈالی۔انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف نومبر 2009ءمیں ڈیونیڈن ٹیسٹ میں آخری مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی تاہم اس کے بعد انہیں ابھی تک قومی ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 04/01/2019 - 16:20:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :