نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابر اعظم ،اسد شفیق ،شان مسعود ، سرفراز احمد کی ترقی

اظہرعلی،محمد عباس،یاسر شاہ کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جنوری 2019 12:31

نئی ٹیسٹ رینکنگ، بابر اعظم ،اسد شفیق ،شان مسعود ، سرفراز احمد کی ترقی
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جنوری2019ء) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں پاکستان کے بابر اعظم ،اسد شفیق ،شان مسعود اور کپتان سرفراز احمد کو ترقی نصیب ہوئی جبکہ اظہر علی کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ، باﺅلرز کی رینکنگ میں شاہین آفریدی نے ترقی پائی جبکہ محمد عباس کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ۔

آئی سی سی کی جاری کرد ہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارت کے21سالہ وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پانٹ نے 21درجے ترقی پاکر17ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے جو کسی بھی سپیشلسٹ بھارتی وکٹ کیپر کی بہترین رینکنگ ہے،اس سے قبل جنوری1973ءمیں فروخ انجینئر نے بھی 17ویں پوزیشن حاصل کی تھی ، رشبھ پانٹ کے673رینکنگ پوائنٹس کسی بھی بھارتی وکٹ کیپر کے حاصل کردہ سب سے زیادہ پوائنٹس ہیں ، اس سے قبل سابق بھارتی وکٹ کیپر مہندرا سنگھ دھونی نے662اور فروغ انجینئر نے619پوائنٹس حاصل کیے تھے ،دھونی کی بہترین ٹیسٹ رینکنگ19ویں رہی تھی ۔

(جاری ہے)

رشبھ پانٹ نے دورہ آسٹریلیا کا آغاز59ویں پوزیشن سے کیا تھا اور سیریز میں 350رنز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 20شکار بھی کیے ۔آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں521رنز سکور کرنے والے چتیشور پجارا نے ایک درجے ترقی پاکر سابق کینگرو کپتان سٹیو سمتھ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تیسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ، روندرا جدیجہ 6درجے ترقی پاکر57ویں اور میانک اگر وال 5درجے ترقی پاکر62ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں۔

باﺅلرز کی فہرست میں سڈنی ٹیسٹ میں 59رنز دیکر5وکٹیں لینے والے سپنر کلدیپ یادو 52ویںسے45ویں نمبر پر آگئے ہیں ،جسپریت بمراہ کی 16ویں پوزیشن برقرار ہے جبکہ محمد شامی ایک درجے ترقی پاکر22ویں نمبر پر پہنچے ہیں ،روندرا جدیجہ باﺅلرز کی فہرست میں پاکستان کے محمد عباس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 5ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ آل راﺅنڈرز کی فہرست میں انہوں نے جیسن ہولڈر کو پیچھے چھوڑ کر دوسری پوزیشن اپنے نام کرلی ہے ۔

آسٹریلوی اوپنر مارکس ہیرس نے سڈنی ٹیسٹ میں 79رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر21درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین69ویں پوزیشن اپنے نام کرلی ہے،آف سپنر نیتھن لیون بھی 14ویں سے13ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے ایڈن ماکرم نے7درجے ترقی کے ساتھ10ویں پوزیشن اپنے نام کی ہے ،ٹمبا باووما31ویں سے26ویں اور فاف ڈوپلیسی22ویں سے16ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ۔

باﺅلر ز کی فہرست میں ورنن فلینڈرا یک درجے ترقی کے ساتھ تیسری اور ڈین اولیور36ویں سے32ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی نے 73ویں سے60ویں پوزیشن پر چھلانگ لگائی ہے ،لیگ سپنر یاسر شاہ تنزلی کے بعد15ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔پاکستان کے اسد شفیق نے کیپ ٹاﺅن ٹیسٹ میں 20اور88رنز کی اننگز کھیل کر29سے24ویں پوزیشن پرچھلانگ لگائی ہے جبکہ بابر اعظم بھی دو درجے ترقی پاکر25ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،شان مسعود 22درجے ترقی کے ساتھ کیریئر کی بہترین65ویں پوزیشن پر پہنچے ہیں جبکہ کپتان سرفراز احمد 42ویں سے37ویں پوزیشن پر آگئے ہیں،اظہر علی تنزلی کے ساتھ19ویںنمبر پر پہنچ گئے ہیںجبکہ امام الحق96ویں نمبر پر براجمان ہیں۔
وقت اشاعت : 08/01/2019 - 12:31:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :