خراب فارم کے باعث اظہرعلی بگ بیش معاہدے سے محروم

سڈنی سکسرز سابق کپتان سے معاہدہ کرنے پر غور کررہی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 جنوری 2019 13:19

خراب فارم کے باعث اظہرعلی بگ بیش معاہدے سے محروم
سڈنی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8جنوری2019ء) بگ بیش لیگ کی ٹیم سڈنی سکسرز نے برطانوی بلے باز جو ڈینلی کی جگہ پاکستان کے سینئرترین ٹیسٹ بلے باز اظہر علی کی خدمات حاصل کرنے پر بھی غور کیا تھا۔ایک آسٹریلوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ سے جاری ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن کھیل سے33سالہ اظہرعلی کا کیس کمزور ہوا جس کے بعد اب سڈنی سکسرز کی جانب سے انگلینڈ کے ہی ٹیسٹ کرکٹر جیمز ونس کی خدمات لینے کے لیے کوشش ہورہی ہے، انھیں 1،2 روز میں جواب دینا ہوگا، اگر ان سے معاہدہ ہوگیا تو وہ اتوار کو دستیاب ہوسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کا جنوبی افریقہ سے تیسرا ٹیسٹ 15 جنوری کو ختم ہوگا، معاہدے کی صورت میں اظہر علی اس کے بعد ہی سڈنی کو جوائن کر سکتے تھے،اظہر علی اب تک جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں11کی مایوس کن اوسط سے محض44رنز سکور کرسکے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بگ بیش ٹی ٹونٹی کرکٹ لیگ کا آٹھواں ایڈیشن اس وقت آسٹریلیا میں جاری ہے جس میں دنیائے کرکٹ کے نامور کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دے رہے ہیں ۔

ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کررہی ہے ۔ 17 فروری تک جاری رہنے والے ایونٹ میں آٹھ ٹیمیں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز، برسبین ہیٹ، ہوبارٹ ہریکنز، میلبورن رینی گیڈز، پرتھ سکارچرز، سڈنی سکسرز اور سڈنی تھنڈر ٹائٹل کے حصول کے لیے قسمت آزمائی کررہی ہیں ، لیگ میں فائنل سمیت مجموعی طور پر 59 میچز کھیلے جائیں گے اور ہر ٹیم 14 میچز کھیلے گی۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 فروری کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 08/01/2019 - 13:19:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :