41ویں نیشنل کبڈی چمپیئن شپ میں ایران اور انڈیا کی کبڈی ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کمشنرفیصل آباد

منگل 8 جنوری 2019 23:33

41ویں نیشنل کبڈی چمپیئن شپ میں ایران اور انڈیا کی کبڈی ٹیموں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، کمشنرفیصل آباد
فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2019ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ کمشنر 41 ویں نیشنل کبڈی چمپیئن شپ میں ایران اور انڈین پنجاب کی کبڈی ٹیموں کی شرکت اور بہترین کھیل ہمیشہ یاد رہے گا ان کے لئے مستقبل میںنیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور آئندہ بھی ان کی میزبانی باعث اعزاز ہو گی۔انہوں نے یہ بات انڈین پنجاب اور ایران کی کبڈی ٹیموں کوفیصل آبادسے الوداع کرتے ہوئے کہی ۔

ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر ‘ سی پی او اشفاق احمد خان ‘ ایڈیشنل کمشنر رائے واجد علی ‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز قیصر عباس رند ‘ ڈویژنل سپورٹس آفیسر طارق نذیر ‘ جنرل سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور رانا اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ڈویژنل کمشنر نے بھارتی پنجاب اور ایران کی ٹیموں کے ہر کھلاڑی اور آفیشلز کو کبڈی کے مقابلوں اور دورہ کی یادگاراورخوبصورت تصاویر پرمبنی خوشنما البم کا تحفہ دیا۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ انڈین پنجاب اور ایران کی ٹیموں کے فیصل آباد دورے سے شائقین کبڈی کو خوشگوار ماحول اور تفریح کے ساتھ معیاری اور کاٹنے دار میچز دیکھنے کو ملے اور نیشنل کبڈی چمپیئن شپ ایک تاریخی حیثیت اختیار کر گئی۔انہوں نے کہا کہ دونوں ٹیموں کو فیصل آباد قیام کے دوران بہترین ماحول کی فراہمی کے لئے ہر ممکن کوششیں کیں۔کمشنر نے امید ظاہر کی کہ انڈین پنجاب اور ایران کی کبڈی ٹیمیں سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ میں بھی اچھا کھیل پیش کریں گی۔

انڈین پنجاب اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے منیجرز گُرمیل سنگھ اور آغا مجید بہرامی نے عمدہ میزبانی ،بے حد پذیرائی اورعزت افزائی کرنے پر کمشنر ‘ ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران و کبڈی فیڈریشن کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ فیصل آباد سے اچھی یادیں لے کر جارہے ہیں جن کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔بعدازاں دونوں ٹیمین ٹرائی اینگلرکبڈی ٹورنامنٹ کے میچز کھیلنے کے لئے بہاول پور روانہ ہوگئیں۔
وقت اشاعت : 08/01/2019 - 23:33:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :